• news

خورشید شاہ کو دباؤ میں لا نے کیلئے پی ٹی آئی نے نیا کھیل شروع کردیا

اسلام آباد (محمد نواز رضا/وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نئے چیئرمین کیلئے 3 ناموں پر اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کررہے ہیں۔ دوسری طرف تحریک انصاف نے قائدحزب اختلاف سید خورشید شاہ کو دباؤ میں لانے کیلئے نئے اپوزیشن لیڈر کے انتخاب کا ’’کھیل‘‘ شروع کردیا ہے اور وہ ایم کیو ایم کو ساتھ ملاکر تحریک انصاف کا اپوزیشن لیڈر لانے کی کوشش کررہی ہے۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف، جماعت اسلامی، عوامی مسلم لیگ، ایم کیو ایم کو ساتھ ملاکر اپوزیشن لیڈر کا منصب حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے تاہم ایم کیو ایم سخت شرائط پر ہی پیپلز پارٹی کے مقابلے میں تحریک انصاف سے ’’دوستی‘‘ کرسکتی ہے۔ وہ تحریک انصاف سے اپوزیشن لیڈر کا منصب بھی مانگ سکتی ہے۔ دوسری طرف سید خورشید شاہ نے پی ٹی آئی، ایم کیو ایم اور دیگر جماعتوں سے رابطہ قائم کیا ہے اور انہیں چیئرمین نیب کیلئے نام دینے کیلئے کہا ہے۔ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان چیئرمین نیب کے نام پر اتفاق رائے کیلئے وزیراعظم کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے بعد واپسی پر ایک بار پھر مشاورت ہوگی ۔ اس بات کا قوی امکان ہے وزیراعظم اور اپوزیشن 3,3 ناموں میں ایک ایسا نام شامل کرلیں گے جس کی پارلیمانی کمیٹی سے اتفاق رائے سے منظوری حاصل کرلی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن