ظفر حجازی کیس:اسلام آباد ہائیکورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کردئیے
اسلام آباد(آن لائن) چوہدری شوگر ملز کے ریکارڈ ٹمپرنگ مقدمے میں ملزم سابق چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست جس میں ظفر حجازی کی جانب سے مقدمہ کے اخراج کی استدعا کی گئی ہے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے دلائل سننے کے بعد فریقین کو نوٹس جاری کردئیے۔درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل سنگل رکنی بینچ نے سماعت کی۔ دوران سماعت ظفر حجازی کے وکیل نے دلائل دیئے کہ استغاثہ کی جانب سے مقدمے کا اندراج بد نیتی پر مبنی ہے۔ ایف آئی اے نے انکوائری میں صرف چار گواہان کے بیانات کو ملحوظ خاطر رکھا۔بعدازاں عدالت نے وفاق، ایف آئی اے اور ایس ایچ او سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ اسلام آباد کو نوٹس جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 27 ستمبر تک ملتوی کر دی۔