رحیم یار خان‘ قرض چکانے کے عوض12 سالہ بیٹی کی رخصتی کر دی
رحیم یارخان(کرائم رپورٹر)باپ نے قرض چکانے کے عوض 12سالہ بیٹی کا نکاح کرکے رخصتی کردی میڈیا کی نشاندہی پر پولیس نے چھاپہ مارکر کمسن دولہن کو بازیاب جبکہ دولہے کو والد اور باراتیوں سمیت گرفتار کرلیا گیاکمسن دولہن کا والد موقع سے فرار پولیس نے دولہے سمیت دولہن، دونوں کے والدین ،نکاح خواں، گواہان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا شکایت کرنے کے باوجود محکمہ چائلڈ پروٹیکشن کاکارروائی سے انکار۔ گزشتہ روز میڈیا کو اطلاع ملی کہ بہاری کالونی کے رہائشی قربان علی جس نے بابا غریب شاہ کے رہائشی غلام حیدر سے ضروریات کیلئے بھاری قرض لیا تھا اور رقم کی ادائیگی نہ کرسکا جس پر غلام حیدر نے قربان علی پر دبائو ڈالنا شروع کردیا کہ وہ قرض کے عوض بیٹی کا رشتہ اس کے بیٹے نثار احمد سے کردے جس پر قربان علی نے اپنی12سالہ بیٹی کرشمہ قربان کا کچھ عرصہ قبل 24سالہ نثار احمد سے نکاح کردیا جس کی رخصتی گزشتہ روز طے پائی تھی۔ پولیس نے میڈیا کی نشاندہی پر رخصتی کے دوران چھاپہ مارکر کمسن دولہن کرشمہ قربان ، دولہا نثار احمد ، اس کے والد غلام حیدر اور باراتیوں کو گرفتار کر لیا۔ تحقیقات میں کرشمہ قربان نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنی رضا مندی سے شادی کررہی ہے تاہم اسی دوران اہل علاقہ نے کرشمہ قربان کا سکول سرٹیفکیٹ پیش کردیا جس کے مطابق کرشمہ کی عمر 12سال ہے جس پر پولیس نے دلہن، اس کے والد قربان علی، دولہا نثار احمد، اس کے والد غلام حیدر، نکاح خواں ، نکاح کے گواہان اور باراتیوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی۔