کراچی جیل سے فر ار ہونیوالے 2 دہشتگرد افغانستان پہنچ گئے
کراچی(نوائے وقت نیوز) کراچی سینٹرل جیل سے فرارہونیوالے خطرناک قیدی افغانستان پہنچ گئے ،سی ٹی ڈی اوردیگراداروں نے رپورٹ محکمہ داخلہ سندھ میں جمع کرادی۔رپورٹ کے مطابق شیخ ممتازعرف فرعون،محمداحمدعرف منا چمن کے راستے افغانستان فرارہوئے۔ ذرائع کے مطابق لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد شیخ ممتاز عرف فرعون اور محمد احمد عرف منا 13 جون کو کراچی سینٹرل جیل سے فرار ہوئے تھے۔ ذرائع نے بتایا سی ٹی ڈی اور دیگراداروں کی جانب سے اس حوالے سے رپورٹ محکمہ داخلہ میں جمع کرائی گئی ہے جس میں بتایا گیا دونوں دہشت گرد سینٹرل جیل سے فرار ہونے کے بعد فوری طور پر بلوچستان گئے اور وہاں سے چمن کے راستے افغانستان فرار ہوگئے۔ ذرائع کا مزیدکہنا تھا دونوں دہشت گردوں کو جیل سے فرار کرانے اور افغانستان پہنچانے والے تمام سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سر توڑ کوششوں اور آپریشن کے باوجود فرار ہونے والے دونوں دہشت گرد ہاتھ نہ آئے۔