حاجیوں کی تعداد بڑھنے کے باوجود سعودی عرب نے اضافی انتظامات نہیں کئے:وزارت مذہبی امور
اسلام آباد (آن لائن) وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے امسال حج اپریشن کے موقع پر پاکستانی حجاج کو درپیش مشکلات کی ذمہ داری ایک بار پھر سعودی حکومت پر عائد کرتے ہوئے کہاہے کہ حجاج کی تعداد میں اضافے کے باوجود سعودی حکومت نے منیٰ میں ٹرانسپورٹ ،قیام اور کھانا فراہم کرنے کیلئے مزید انتظامات نہیں کئے تھے انہوں نے کہاکہ سعودی عرب میں حج کے 5دنوں کے انتظامات سعودی حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے اور وزارت مذہبی امور نے پاکستانی حجاج کیلئے معاہدے کے مطابق انتظامات کیلئے تمام رقومات ادا کر دیں تھیں انہوں نے کہاکہ منی میں سعودی حکومت نے زائد حجاج کیلئے مزید خیمے لگانے کی بجائے پاکستانی حجاج کو گذشتہ سال کی طرح انہی خیموں میں گھسایا جس کی وجہ سے حجاج کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑا انہوں نے کہا کہ حج کے موقع پر سعودی حکام دیگر ممالک سے آنے والے معاونین اور میڈیکل عملے کو حج اپریشن سے دور رکھتے ہیں اور عملے کو بھی پاکستانی حجاج کی رہنمائی کی اجازت نہیں دی گئی انہوںنے کہاکہ بھارت سمیت کئی ممالک کو منی میں نزدیکی مکاتب اس وجہ سے ملتے ہیں کہ وہ زیادہ رقم ادا کرتے ہیں جبکہ ان کے مقابلے میں ہم سرکاری حج سکیم کے تحت حجاج سے کم رقم وصول کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ حجاج کو ملنے والی مشکلات کے پیش نظر وزارت مذہبی امور اگلے سال حج مہنگا کرنے پر غور کر رہی ہے تاکہ پاکستانی حجاج کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکے۔