• news

چنیوٹ: ایڈز سے متاثر مریضوں کو ریسکیو عملے نے سروسز ہسپتال پہنچا دیا، علاقے میں خوف وہراس

چنیوٹ + لاہور (نامہ نگار+ کامرس رپورٹر) چنیوٹ کے ایک ہی گائوں میں 42 افراد میں ایڈز وائرس کی مرض کی موجودگی کے انکشاف کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد روڈ پل ڈینگرو کے قریب چک نمبر128 بھٹی والا میں گزشتہ روز ریسکیو1122 کے عملہ نے ایڈز کے مریضوں کو سروسز ہسپتال لاہور پہنچایا ریسکیو کے مطابق نو سالہ ساجدہ دختر یوسف، پانچ سالہ حسن ولد یوسف، آٹھ سالہ شان حیدر ولد جعفر اور دس سالہ شگفتہ دختر فریاد کو علاج کے لیے لاہور پہنچایا ثوبیہ دختر ذوالفقار، اظہراں دختر جعفر کے والدین نے انہیں بھیجنے سے انکار کیا۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران اسی دیہاتی گائوں میں محکمہ صحت نے تین سو ساٹھ مریضوں کو چیک کیا، پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ کے مطابق اسی گائوں میں بیالیس کے قریب ایڈز کے مریضوں کا انکشاف ہوا ہے جن میں بچے، خواتین اور مرد شامل ہیں علاقہ مکینوں کے سیمپل بھی پی سی آر لاہور بھیجوائے جبکہ یہ بھی معلوم ہوا کہ ڈائریکٹر ایڈز پروگرام ڈاکٹرعرفان کے مطابق پی سی آر پازیٹو آئی ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق اب تک ایک درجن سے زائد افراد کی ہلاکت ہو چکی ہے۔ علاقہ میں خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے۔ علاوہ ازیںصوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ بھٹی والا میں پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے سکریننگ کیمپ کے دوران ایچ آئی وی ایڈز کے 39 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے جن کے بلڈ سیمپل تصدیق کے لئے PACP کی لیبارٹری کو ارسال کر دیئے گئے ہیں تاہم مذکورہ مشتبہ مریضوں کے عزیز و اقارب کی سکریننگ بھی کی گئی جن کی رپورٹ منفی آئی۔ اگر کسی بھی مریض میں HIV ایڈز کی تصدیق ہوئی تو اس کا مکمل علاج معالجہ حکومتی خرچ پر کیا جائے گا۔ ڈاکٹرز نے مریضوں کی علامات کے مطابق علاج معالجہ شروع کر دیا۔ یہ بات ویڈ یو لنک کے ذریعے ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عمر ایوب بلوچ اور سی ای او ہیلتھ چنیوٹ ڈاکٹر اختر کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے چنیوٹ کے ایک گاؤں بھٹی والا میں پنجاب ایڈز کنٹرول کے سکریننگ کیمپ کے دوران مبینہ طور پر HIV ایڈز کے 39 مشتبہ مریضوں کے رپورٹ ہونے کے واقعہ کے سلسلہ میں اجلاس کے دوران کہی۔ اس موقع پر سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ علی جان خان بھی موجود تھے۔ سی ای او ہیلتھ چنیوٹ ڈاکٹر اختر نے بتایا کہ محکمہ صحت چنیوٹ کے عملہ نے ضلع بھر میں لوگوں کی آگاہی کے لئے ہیلتھ سیشن بھی کئے ہیں اس بارے میں حجاموں کو بھی آگاہی فراہم کی گئی 100 سے زیادہ عطائیوں کے کلینک بند کئے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن