• news

نوازشریف کیخلاف ساڑھے 4 سال سازشیں ہوئیں‘ عوام نے احتساب کے نام پر انتقام مسترد کر دیا : مریم نواز

لاہور (خصوصی رپورٹر) سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ این اے 120 میں اتوار کو شیر آئے گا، اتوار کو خواتین پولنگ سٹیشنز پر آئیں اور شیر پر مہر لگائیں۔ وہ گزشتہ روز این اے 120 کے علاقے کریم پارک میں مسلم لیگ (ن) کے خواتین ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر شعبہ خواتین لاہور کی صدر شائستہ پرویز ملک ایم این اے، سیکرٹری کنول لیاقت و دیگر موجود تھیں۔ مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ اگر احتساب کے نام پر انتقام منظور نہیں تو پھر شیر کو جتوائیں۔ انہوں نے کہا کہ 17 ستمبر کو نواز شریف اور ملک کی ترقی کا ساتھ دو، جب ہمارے حق میں فیصلہ آئے گا تو آپ کے مسائل کے حل کیلئے زور لگا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے آپ نے محبتوں سے نوازا، عوام کی محبت ہمارے لئے سرمایہ افتخار ہے۔ انہوں نے مسلم لیگ ن کے سیاسی مخالفین کو نام لئے بغیر آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ نواز شریف کے خلاف کبھی دھرنے، کبھی دھاندلی اور کبھی پانامہ چلا، پانامہ کا انجام ایک مذاق پر ہوا، نواز شریف کے خلاف ساڑھے چار سال سازشیں ہوئیں اور پھر وزیراعظم کو اس بات پر نکال دیا گیا کہ اپنے بیٹے سے تنخواہ کیوں نہیں لی۔ انہوں نے کارکنوں سے سوال کیا کہ کیا آپ کو ناانصافی کا فیصلہ منظور ہے؟ کارکنوں نے نامنظور نامنظور، نااہلی کا فیصلہ نامنظور کے نعرے لگائے۔ مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف اور ملک کی ترقی کا ساتھ دو، ہم اس حلقے کے ساتھ ملک کی تقدیر بھی بدلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہمارے حق میں فیصلہ آئے گا تو آپ کے مسائل کے حل کیلئے زور لگا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب لیڈر کے ساتھ خواتین کھڑی ہو جائیں اس لیڈر کو کوئی نہیں ہرا سکتا، آپ کو ناانصافی کا فیصلہ منظور نہیں تو 17 ستمبر کو شیر کو ووٹ دیں۔ اگر احتساب کے نام پر انتقام منظور نہیں تو پھر شیر کو جتوائیں۔ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام نے احتساب کے نام پر ہونے والے انتقام کو مسترد کر دیا، جس دن سے ہماری حکومت نے اقتدار سنبھالا سازشی عناصر نے نوازشریف کے خلاف پروپیگنڈا شروع کردیا اور 4 سال میں کبھی دھاندلی، کبھی دھرنے اور کبھی پاناما کی سازش کی گئی لیکن عوام نے ہمیشہ کی طرح ہر سازش کو مسترد کر دیا۔
مریم نواز

ای پیپر-دی نیشن