چیئرمین نیب کی تقرری کیلئے مشاورت خورشید شاہ نے زرداری، بلاول کو بریفنگ دی
اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) نیب کے نئے چیئرمین کی تقرری کیلئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی وزیراعظم شاہدخاقان عباسی سے ملاقات کے بعد صلاح مشورے تیز ہوگئے ہیں۔ نوائے وقت کو معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اگلے ہفتے سیاسی جماعتوں سے نئے چیئرمین کی تقرری کیلئے مشاورت کریں گے۔ معتبر ذرائع نے نوائے وقت کو بتایا کہ موجودہ چیئرمین کے متنازعہ کردار کے بعد اگلا چیئرمین نیب کسی جج کو تقرر کرنے پر صلاح مشورہ ہوگا۔ دوسری طرف تحریک انصاف چیئرمین نیب کی تقرری اور اگلے انتخابات سے پہلے عبوری حکومت کی تشکیل کے اہم فیصلوں سے پہلے موجودہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی جگہ دوسرا اپوزیشن لیڈر بنانے کیلئے کوششیں کررہی ہے۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے گزشتہ روز سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے ملاقات کی خورشید شاہ نے نئے چیئرمین نیب کی تقرری پر ابتدائی بات چیت پر بریفنگ دی۔
خورشید شاہ/ بریفنگ