• news

بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس کی ہرپال سیکٹر میں مسلسل تیسرے روز فائرنگ‘ شیلنگ‘ ایک شخص زخمی

سیالکوٹ+ پسرور (نامہ نگاران) سیالکوٹ کے دیہات پر بھارتی سکیورٹی فورسز کی مسلسل تیسرے روز گولہ باری اور فائرنگ سے ایک شہری زخمی جبکہ متعدد مویشی ہلاک و زخمی ہو گئے، رینجرز کے جوانوں کے بھرپور جوابی کارروائی پر بھارتی گنیں خاموش ہو گئیں۔ گزشتہ روز بھارتی سکیورٹی فورسز (بی ایس ایف) نے ہرپال اور چاروہ سیکٹروں کے سرحدی دیہات پر رات ایک بجے کے قریب جروال، سنگیال، معراجکے، اکھنور اور بلے کھوکھر پر گولہ باری اور فائرنگ شروع کی۔ بھارتی بی ایس ایف کی گولہ باری سے 35سالہ اعظم ولد مظہر حسین زخمی ہو گیا۔ جس کو ریسکیو 1122نے ریسکیو کرکے طبی امداد کے بعد کمبائنڈ ملٹری ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔ پسرور سے نامہ نگار کے مطابق بھارتی فائرنگ سے دو کاشتکاروں حاجی نصیر اور شکیل کی 4 بھینسیں ہلاک ہو گئیں۔ بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس کی فائرنگ اور شیلنگ کے جواب میں پاکستان رینجرز نے بھرپور جواب دیا جس کے بعد بھارتی فائرنگ کا سلسلہ رک گیا‘ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی رکن صوبائی اسمبلی رانا لیاقت علی اور ان کے بھائی مسلم لیگی رہنما رانا شوکت علی نے سرحدی دیہات جروال، اکھنور، چاروا اور ہرپال کا دورہ کیا اور بھارتی فائرنگ اور شیلنگ سے متاثرہ لوگوں سے اظہار ہمدردی کیا۔ رانا لیاقت علی ایم پی اے نے اس موقع پر لوگوں کو یقین دلایا کہ حکومت بھارتی فائرنگ سے پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ کرے گی۔ ایک مارٹر گولہ قصبہ بلے کھوکھر کی مسجد کے مینار سے لگا لیکن وہ پھٹ نہ سکا‘ مسجد کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔ واضح رہے کہ گزشتہ تین روز میں سیالکوٹ کے مختلف سیکٹروں پر بھارتی سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے اب تک دو شہری شہید اور چار زخمی ہو چکے ہیں جبکہ درجنوں مویشی ہلاک و زخمی بھی ہوئے۔ چناب رینجرز کی بھارتی فائرنگ وگولہ باری کا منہ توڑ جواب دیئے جانے پر پاکستانی شہریوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ پاکستان رینجرز کے جوانوں نے بھی بی ایس ایف کی فائرنگ کے جواب میں بھارتی چوکیوں پر فائرنگ اور گولہ باری کی۔ 

ای پیپر-دی نیشن