-سابق وزیراعظم نوازشریف آئندہ سیاسی لائحہ عمل کا جلد اعلان کریں گے
اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے سابق وزیراعظم محمد نوازشریف اپنے آئندہ سیاسی لائحہ عمل کا جلد اعلان کریں گے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آج لندن روانہ ہو رہے ہیں۔ وہ لندن میں قیام کے دوران نوازشریف سے اہم ملاقات کریں گے جبکہ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب بھی اتوار کو لندن جارہی ہیں، وہ 28 ستمبر کو وطن واپس آئیں گی۔ وہ بھی میاں نوازشریف سے ملاقات کریں گی۔ مریم اورنگزیب ان دنوں جاتی امراءمیں مریم نواز کے ہاں مقیم ہیں۔ مریم نواز بھی این اے 120 کے انتخابی معرکہ کے بعد اپنی والدہ بیگم کلثوم نواز کی عیادت کیلئے لندن جائیں گی۔ شریف فیملی اور اسحاق ڈار کی سپریم کورٹ سے نظرثانی کی درخواستوں کے مسترد ہونے کے بعد میاں نوازشریف اپنے ”سیاسی و عدالتی جنگ“ کے بارے میں اہم فیصلے کریں گے۔ مریم نواز عملاً سیاست میں حصہ لے رہی ہیں، اس وقت پارٹی امور میں انکی ہدایات کو اہمیت دی جا رہی ہے۔ وہ اس وقت نوازشریف کی سیاسی جانشین کے طور پر کام کررہی ہیں۔ چودھری نثار علی خان لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف سے ملاقات کے بعد اسلام آباد واپس آگئے ہیں۔ دونوں رہنما¶ں نے نواز، شہباز ملاقات میں پارٹی میں طے پانے والے معاملات پر مشاورت کی۔ وفاقی حکومت نے سپیکر سردار ایاز صادق کی وساطت سے اپوزیشن لیڈر سید خورشید سے رابطے شروع کردئیے ہیں۔ باور کیا جاتا ہے 3 روز قبل سردار ایاز صادق اور سید خورشید شاہ کے درمیان ون آن ملاقات میں نوازشریف اور آصف زرداری کے درمیان ملاقات کرانے کے معاملہ پر بات چیت ہوئی۔گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے جمعہ کو مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ محمد ظفر الحق سے انکے چیمبر میں ملاقات کی۔گورنر خیبر پی کے اقبال ظفر جھگڑا بھی لندن گئے ہوئے ہیں، انکی بھی میاں نوازشریف سے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔