متحدہ لندن سے روابط رکھنے والے پولیس افسروں کی جانچ پڑتال
کراچی (کرائم رپورٹر) سابق سی ٹی ڈی انچارج علی رضا کی متحدہ لندن سے رابطوں پر عہدے سے برطرفی کے بعد دیگر افسران کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ کے سابق انچارج علی رضا کو ملازمت سے فارغ کئے جانے کے بعد محکمے کے دیگر افسران کی جانچ پڑتال کا عمل جلد شروع کیا جا رہا ہے ۔ حکا م سی ٹی ڈی میں مزید کالی بھیڑوں کا پتہ لگانے کے لئے سرگرم ہو گئے ہیں۔ افسران کے ریکارڈ کی جا نچ پڑتال کے ذریعے معلوم کیا جائے گا کہ کن افسران کے جرائم پیشہ افراد سے رابطہ ہیں، جب کہ اس اقدام سے پولیس کی وردی میں چھپے سیاسی جماعتوں سے روابطہ رکھنے والے اور دیگر جرائم میں ملوث ملزمان کے سہولت کاروں کا بھی پتہ لگایا جائے گا ۔ واضح رہے کہ متحدہ لندن کے عسکری ونگ سے تعلق کے الزام پر سابق انچارج سی ٹی ڈی علی رضا کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا تھا، انسپکٹر علی رضا شہید چوہدری اسلم کے ما تحت تھے۔