• news

این اے 120: انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیاں دیکھنے میں آئیں: فافن

 اسلام آباد (این این آئی)فری اینڈ فئیر الیکشن نیٹ ورک (فافن) کی جانب سے حلقہ این اے 120 میں قبل از انتخاب مشاہدے کی رپورٹ کے مطابق حلقے میں انتخابی مہم کے دوران امیدواروں کی جانب سے الیکشن کمشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیاں دیکھنے میں آئیں۔ تمام سیاسی جماعتوں نے بھرپور انتخابی مہم چلائی جبکہ کمشن کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی کئی خلاف ورزیوں کا نوٹس بھی لیا گیا۔ اس حلقے میں ضمنی انتخابات کل ہوں گے۔ فری اینڈ فئیر الیکشن نیٹ ور ک انتخابی عمل کا مشاہدہ کرے گا جس کی تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں ۔ فافن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق فافن نے لاہور کے شہری علاقے پر مشتمل 220 پولنگ سٹیشنز کے حامل اس حلقے کی مکمل مشاہدہ کاری کیلئے چالیس تربیت یافتہ غیر جانبدار شہری مشاہدہ کار متعین کئے ہیں جن میں سولہ خواتین مشاہدہ کار بھی شامل ہیں۔ اس ضمنی انتخاب میں کل 44 امیدوار حصہ لے رہے ہیں جن میں سے دس کا تعلق سیاسی جماعتوں سے ہے جبکہ 34 امیدوار آزاد حیثیت میں میدان میں اترے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کلثوم نواز شریف کو پاکستان تحریک انصاف کی پرانی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کیخلاف میدان میں اتارا ہے۔ پی پی نے فیصل میر کو ٹکٹ دیا ہے جبکہ جماعت اسلامی کے امیدوار ضیاءالدین انصاری ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن