اداروں کا ٹکرائو کسی کے مفاد میں نہیں، ملک کو نقصان ہوگا: اسفند یار
اسلام آباد (آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ اداروں کے درمیان ٹکراؤ کسی کے مفاد میں نہیں۔ اداروں کی لڑائی سے ملک کو نقصان ہوگا۔ میاں صاحب اقتدار میں رہتے ہوئے وقت کے تقدس کی بات کرتے تو سیاسی جماعتیں انکے ساتھ ہوتیں۔ دہشت گردی میں کمی کا کریڈٹ سیاسی جماعت کو نہیں فوج کو جاتا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسی پاک افغان دونوں کیلئے تباہی ہے۔ ٹرمپ اگر ثالث نہیں بن سکتے تو یہاں لگی آگ پر تیل بھی نہ چھڑکیں۔ پاک افغان مذاکرات میں چین کو ثالث نہیں ضامن بننا چاہئے۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں اسفند یار ولی نے کہا کہ خدا بہتر جانتا ہے کہ نوازشریف کے خاندان کا احتساب درست ہورہا ہے یا نہیں تاہم بہنوں اور بیٹیوں کو ذلیل کرنا ٹھیک نہیں۔ کچھ غلطیاں میاں صاحب کی ہیں اور کچھ عمران خان کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے نوازشریف کے استعفے کی مخالفت کی تھی اور کہا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے دیا جائے، سپریم کورٹ کا فیصلہ ہمیں قبول ہے، اب انہیں فیصلہ ماننا ہوگا۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اگر تنازع ہو تو میں پاکستان کے ساتھ کھڑ اہوں گا۔