• news

ٹی ٹونٹی رینکنگ: پاکستانی ٹیم دوسرے نمبر پر آگئی، عماد وسیم باولرز میں سرفہرست

لاہور(سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹونٹی20 کی رینکنگ جاری کردی ہے جس میں آزادی کپ کے بہترین کھلاڑی پانے والے پاکستانی بلے باز بابراعظم نے21 درجے ترقی پاکر کیریئر بیسٹ چھٹی پوزیشن پر آگئے ہیں۔ باولرز میں عماد وسیم آئی سی سی بولنگ ٹیبل پر اپنی ٹاپ پوزیشن برقرار رکھنے میں بھی کامیاب رہے ہیں جبکہ عمران طاہرکی ایک درجہ تنزلی کے سبب جسپریت بمرا دوسرے نمبر پرآگئے ہیں۔ احمد شہزاد کی 9 درجے کی بہتری آئی اور وہ 22 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔شعیب ملک 30 ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ لیگ سپنر شاداب خان کی رینکنگ میں 32 درجے کی بہتری آئی اور وہ 66 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ہاشم آملہ تین درجے ترقی پاکر 12ویں،کرس گیل چار درجے آگے بڑھ کر 22 ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ تھیسارا پریرا نے بھی اپنی بیٹنگ رینکنگ کو 16 درجے بہتر بنا کر 53 کر لیا ہے۔ پاکستان ٹیم کو نان رینک سائیڈ آئی سی سی ورلڈالیون کے خلاف تین ٹونٹی20 میچوں کی سیریز دو، ایک سے جیتنے کا اگرچہ رینکنگ ٹیبل پر صلہ نہ مل سکا جس کے پوائنٹس جوں کے توں121 ہی رہے تاہم ویسٹ انڈیزکے ہاتھوں شکست کے بعد انگلینڈکی تنزلی نے پاکستان کو ایک درجہ ترقی دلادی۔ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈکے درمیان مانچسٹر میں کھیلے گئے دورے کے واحد ٹونٹی 20 انٹرنیشنل میچ کے بعد جاری رینکنگ میں انگلش ٹیم دو درجے تنزلی کا شکار ہو کر چوتھے نمبر پر چلی گئی ہے جس کا فائدہ فاتح ٹیم ویسٹ انڈیزکے علاوہ پاکستان کو بھی ہوا ہے۔ پاکستان ٹیم کے پوائنٹس بدستور121ہی ہیں مگر انگلینڈکے چارپوائنٹس کم ہوجانے سے اب وہ عالمی نمبرپر2 ٹیم بن گئی ہے۔ انگلینڈکی تنزلی کے سبب ویسٹ انڈیز بھی ایک درجہ ترقی کرکے تیسرے نمبر پر آ گئی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور عالمی نمبرون نیوزی لینڈکے درمیان اب صرف چار پوائنٹس کا فرق باقی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن