• news

نوازشریف کو سازش کے تحت ہٹایا گیا‘ دوہرا نظام عدل نہیں ہونا چاہیے: عابد شیر

مانچسٹر(نمائندخصوصی)ہمارے قائد سابق وزیراعظم نوازشریف نے جب اقتدار سنبھالا تو ملک کو کئی مشکلات کا سامنا تھا ان کی سوچ و فکر اور سیاسی تدبر سے دہشت گردی، بجلی کے بحران پر قابو پانے، معیشت کی مضبوطی اور ملک میں ترقی کے منصوبہ جات کو یقینی بنایا گیا لیکن ایک وچے سمجھے منصوبے کے تحت انہیں نااہل قرار دے کر اقتدار سے علیحدہ کردیا گیا اور جب وہ جی ٹی روڈ کے ذریعے لاہور کے لیے روانہ ہوئے تو عوام کا سمندر نکل آیا اور ثابت کیا کہ وہ ایک عوامی رہنما ہیں۔ قوم نوازشریف کے ساتھ ہے۔ عدالت عظمیٰ نے ماضی میں جعلی ڈگری کے حامل افراد سمیت جمشید دستی کو الیکشن لڑنے کی اجازت دی دوہرا نظام عدل نہیں ہونا چاہیے۔ یہ باتیں وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے مانچسٹر میں مسلم لیگ (ن) کی خاتون رہنما عذرا قاضی کی رہائش گاہ پر میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2018ء کے عام انتخابات میں نوازشریف کو الیکشن میں حصہ لینے سے کوئی نہیں روک سکتا اور وہ ایک مرتبہ پھر وزیراعظم کے عہدے پر براجمان ہوں گے۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی بارے انہوں نے کہا کہ وہ درباروں کی رقم لوٹنے والے جعلی شاہ ہیں اور زکوٰۃ کی رقم سے اپنے بچوں کو امریکہ میں تعلیم دلوائی۔ چودھری نثار اور مریم نوازشریف بارے حالیہ جاری بیان بازی پر کئے گئے سوال بارے انہوں نے کہا مجھ سمیت تمام کارکنان کی منزل نوازشریف ہی ہیں۔ بہن مریم نواز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے سیاسی میدان میں محنت کرکے یہ نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔انہوں نے کہا بیگم کلثوم نواز نے مشکل ترین حالات اور دور میں جماعت کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھا اور اس کی بھاگ ڈور سنبھالی جیل کاٹی جمہوریت کی بحالی کو یقینی بنانے کے لیے پورے خاندان کی قربانیاں لازوال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عذرا قاضی کی رہائش گاہ کو نقصان پہنچانا اور کھڑکیاں، دروازے توڑنا قابل مذمت فعل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن