• news

وزیراعظم سکیم کے تحت رواں سال 2 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (نامہ نگار) وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم کے چوتھے اور پانچویں مرحلے میں ہائر ایجوکیشن کمشن کے تحت ملک بھر کی سرکاری جامعات اور ڈگری عطاکرنے والے اداروں میں دولاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے، درخواستیں وصول کرنے کی آخری تاریخ 30ستمبر مقرر ہے۔ لیپ ٹاپ تقسیم کا پہلا مرحلہ تعلیمی سال 2013-14ء میں شروع کیا گیا تھا جس کے تحت ہر سال ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے تھے تاہم حکومت کے آخری سال ہونے کے باعث امسال دولاکھ لیپ ٹاپ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔’’نوائے وقت‘‘ رپورٹ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نون کی حکومت آنے کے بعد وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف کی جانب سے ملک بھر کی جامعات میں زیر تعلیم پی ایچ ڈی اور ایم فل و ایم ایس لیول کے طلباء و طالبات میں میرٹ کی بنیادپر 2013سے 2018تک مجموعی طور پر 5لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے جانے تھے جس کے تحت سال 2013-14ء میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے جبکہ 2015-16اور 2016-17 میں ایک ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے جس سے یہ تعداد تین لاکھ ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے اپنے دورکے آخری سال2017-18ء کے دوران ایک لاکھ کی بجائے 2لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا فیصلہ کیاہے تاکہ چار سال کے عرصے میں پانچ لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کا ٹارگٹ پورا کیا جاسکے۔ اس حوالے سے ہائر ایجوکیشن کمشن کی جانب سے لیپ ٹاپ کی اہلیت کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 30ستمبر 2017 مقرر کی گئی ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن