وزارت فوڈ نے گذشتہ پانچ برسوں میں مختلف ممالک سے 17 معاہدے کئے
اسلام آباد (نامہ نگار) وزارت برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ اور اس کے آئینی اداروں کی جانب سے گزشتہ پانچ سالوں میں مختلف ممالک کے ساتھ17معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے یہ معاہدے اور مفاہمت کی یادداشتیں انڈونیشیا، نائجیریا، سارک ممالک، بحرین، چین، بیلاروس، آسٹریلیا اور روس کے ساتھ ہوئے ہیں۔ وزارت برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کی طرف سے مختلف ممالک کے ساتھ دو معاہدے کیے گئے اور ایک معاہدے کی توسیع کی گئی جبکہ پاکستان زعی تحقیقی کونسل جو کہ وزارت برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کا خود مختار ادارہ ہے، کی جانب سے دو معاہدے کیے گئے ہیں گزشتہ پانچ سالوں میں وزارت اورر اس کے آئینی اداروں کی جانب سے چودہ یاداشتوں /پروٹوکول دستخط کیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزارت کی جانب سے انڈونیشیا، نائجیریا اور سارک ممالک کے ساتھ معاہدے کیے گئے جن میں پلانٹ کوارنٹائن اور فائٹو سینٹری میژرز، زراعت کے شعبے میں تعاون بشمول زرعی علوم اور ٹیکنالوجی، ریسرچ، تعلیم وتربیت اور سارک سیڈ بینک کے ساتھ معاہدے کی تو ثیق شامل ہے۔ اسی طرح سے بحرین، چین اور بیلاروس کے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ان میں بحرین کو چاول اور دیگر خوراک کی اشیاء کی فراہمی، بحرین کے ساتھ سمندری وسائل کے شعبے میں تعاون، چین کے ساتھ آموں کی برآمد، بیلا روس کے ساتھ زراعت کے شعبے میں تعاون، ویٹنری اور سینیٹری کے شعبے میں تعاون اور پلانٹ کورنٹائن اور فائیتو سینیٹری کے استعمال اور تعاون کی مفاہمتی یادداشتیں شامل ہیں۔ وزارت برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کے آئینی اداروںکی جانب سے بیلاروس، آسٹریلیا، روس، چین کے ساتھ معاہدوںاور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ان میں بیلا روس کے ساتھ نیشنل اکیڈمی آف سائنسز، بیلاروس اور پاکستان زرعی تحقیقی کونسل کے مابین مفاہمتی یاداشت، آسٹریلیا کے ساتھ محکمہ پلانٹ پروٹیکشن پاکستان اور آسٹریلیا کے محکمہ زراعت کے ساتھ آسٹریلیا کو تازہ آموں کی درآمد، روس کے ایف وی پی ایس اور پاکستان کے محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کے درمیان فائیٹو ضروریات پوری کرنے، چین کے ساتھ پاکستان زرعی کونسل اور انسٹیٹیوٹ آف کاٹن ریسرچ چائنا کے درمیان تعاون کے فروغ، پی اے آرسی اور ینان اکیڈمی آف ایگریکلچر سائنسز چین کے درمیان زرعی تحقیق کے شعبے میں تعاون، ہائیبر ڈرائس ریسرچ اور پاکستان میں اس کے سنٹر کے قیام کے لیے پاکستان زرعی تحقیقی کونسل اور یون لانگ پنگ ہائی ٹیک ایگریکلچرل کمپنی لمیٹیڈ چائینہ اور گارڈ ایگریکلچرل ریسرچ اینڈ سروسز پرائیویٹ لمیٹیڈ لاہور کے درمیان پراجیکٹ کواپریشن کا معاہدہ۔ این ٹی ایچ آر آئی، پی اے آر سی اور ٹی ریسرچ چائینز اکیڈمی آف ایگریکلچر، ہان ژوچائنا کے مابین تعاون اور پاکستان زرعی تحقیقی کونسل اور لانژو یونیورسٹی چین کے مابین سائنسی تحقیق کے شعبوں میں تبادلے کے سلسلے میں تعاون کے معاہدے شامل ہیں۔