کشمیری بھارتی جارحیت سے خوفزدہ نہیں ہونگے: فاروق حیدر
مظفرآباد(صباح نیوز)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی زیر صدارت لائن آف کنٹرول کے حوالہ سے اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم آزاد کشمیر کو لائن آف کنٹرول سے ملحقہ تمام حلقہ جات میں تعلیم اور صحت کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آفات سماوی ایکٹ میں ترمیم کے بعد ایل او سی کے شہدا و زخمیوں کا معاوضہ بڑھایا جائیگا اور ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے ہر شہری کی تدفین سرکاری اعزاز کے ساتھ کی جائے گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایل او سے منسلک تمام رورل ہیلتھ سینٹرز پر عملہ ہمہ وقت موجود رہے گا، جن رورل ہیلتھ سینٹرز میں ایمبولینس موجود نہیں ہے وہاں فوری طور پر ایمبولیسنز فراہم کی جائیں گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایل او سی سے ملحقہ تمام ہیلتھ سینٹرز میں بلڈ گروپنگ کا ریکارڈ رکھا جائے گا۔ لائن آ ف کنٹرول پر کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایل او سی سے ملحقہ تمام رورل ہیلتھ سینٹرز میں ادویات اور سٹاف کی کمی کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ سٹاک بھی رکھا جائے گا۔ اجلاس میں لائن آف کنٹرول سے ملحقہ تمام حلقوں کے مخصوص زمینی حالات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کو ہدایت کی کہ لائن آف کنٹرول کے قریب تعلیمی اداروںمیں تدریسی عمل کو بہر صورت یقینی بنایا جائے ، محکمہ صحت عامہ اور دیگر محکمہ جات انتظامیہ اور عوامی نمائندگان سے لیزان رکھتے ہوئے ہمہ وقت آپریشن کیلئے تیار رہیں ، ہجیرہ عباسپور، سما ہنی، نکیال سمیت دیگر علاقوں میں جہاں ڈاکٹرز کی کمی ہے کو فی الفور پورا کیا جائے ۔ وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان کی زیر صدارت لائن آف کنٹرول کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس میں حکومتی و اپوزیشن اراکین اسمبلی وزیر قانون راجہ نثار احمد خان ، وزیر تعمیرات عامہ چوہدری محمد عزیر، وزیر مال سردار فارو ق سکندر، اراکین اسمبلی ملک محمد نواز، کرنل وقار احمد نور،علی شان سونی اور ڈاکٹر مصطفی بشیر نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام بھارتی جارحیت سے خوفزدہ نہیںہونگے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام بھارت کے تمام تر حربے کشمیر یوں کی نسل کشی کر نے،پیلٹ گن کے ذریعے ان کو اندھا کرنے ، ان کی عصمت دری ، ان اور انکی آزادیوں پر قدغن لگانے کے باوجود خوفزدہ نہیں ہوئے تو لائن آف کنٹرول پرآباد کشمیری بھی ڈٹے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین لائن آف کنٹرول کواپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں، میرا اپنا حلقہ انتخاب لائن آف کنٹرول سے ملحق ہے اور میں ان کے مسائل بہتر سمجھ سکتا ہوں۔ مزید برآں وزیراعظم آزاد کشمیرراجہ محمد فاروق حیدر خان سے اتوار کے روز سپیکر بلوچستان اسمبلی و چیف کمشنر پاکستان بوائز سکائوٹس ایسوسی ایشن راحیلہ حمید خان نے ملاقات کی ، اس موقع پر باہمی دلچسپی کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت سکائوٹ ہیڈ کوراٹر کی تعمیر کیلئے رقم اور زمین فراہم کریگی۔ سکولوں، کالجوں اورجامعات میں زیر تعلیم نوجوانوں کی تربیت اور کردار سازی کے لیے سکاؤٹنگ سے زیادہ کوئی مفید تحریک نہیں ہے۔ اس موقع پر وزیر صنعت و سماجی بہبود محترمہ نورین عارف بھی موجود تھیں۔