• news

سماجی معیار اور رتبے کو بالائے طاق رکھ کر کرپٹ افراد کیخلاف مقدمات چلائے: چیئرمین نیب

اسلام آباد (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ کرپشن تمام برائیوں کی ماں ہے، نیب میرٹ کے راستے میں حائل بڑی رکاوٹ کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کو ان کے جائز حق دلانے کیلئے پرعزم ہے۔ نیب کی موجودہ انتظامیہ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے شاندار نتائج سامنے آئے ہیں۔ نیب کی جانب سے انسداد بدعنوانی کی فعال حکمت عملی کی بدولت مجموعی سزا کی شرح 76 فیصد ہے جو کہ وائٹ کالر جرائم کی تحقیقات میں بڑی کامیابی ہے۔ گزشتہ روز نیب کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب نے سماجی معیار اور رتبے کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بدعنوان عناصر کے خلاف تحقیقات کی ہیں اور مقدمات چلائے ہیں۔ ڈبل شاہ سکینڈل ، کوآپریٹو سوسائٹی سکینڈل، جعلی ہائوسنگ اتھارٹی سکینڈل اور مضاربہ سکینڈل نمایاں مقدمات ہیں۔ نیب نے عوام کو بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی سے لوٹنے والے مقدمات میں ماسٹر مائینڈ ز کے خلاف مقدمے چلانے کے لئے ٹھوس کوششیں کی ہیں۔ نیب کے قانون پر عملدرآمد کے مجموعی طورپر مثبت نتائج آئے ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن