• news

جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر اٹھانا ملا کی دوڑ مسجد تک کی طرح ہے: بھارتی ہرزہ سرائی

نیویارک/نئی دہلی (آئی این پی) بھارت نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیر کے مسئلے کو اٹھانا ملا کی دوڑ مسجد تک کی طرح ہے۔ بھارتی میڈیاکے مطابق اقوام متحدہ میں بھارت کے مستقل نمائندے سید اکبرالدین نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہاکہ اگر پاکستان ایک ایسے مسئلے پر توجہ مرکوز کرے گا جو دہائیوں سے اقوام متحدہ میں بحث کی میز پر نہیں ہے تو یہ ملاکی دوڑ مسجد تک جیسا ہوگا۔ اس سے قبل سید اکبرالدین نے پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہاکہ بھارت مسعود اظہر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے تک چین سے نہیں بیٹھے گا۔ فی الحال یہ معاملہ اقوام متحدہ کی کمیٹی میں ہے ہمیں امید ہے کہ کمیٹی مسعود اظہر کو نامزد کرنے کیلئے اپنا پورا کردار ادا کرے گی جو اب تک ایسا کرنے کی کوشش کررہی ہے لیکن تاحال اس میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے ۔واضح رہے کہ چین مسعود اظہرکے معاملے پر بھارتی درخواست پر ویٹو کرتا آرہا ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن