حدیبیہ پیپر ملز کیس پر احسن اقبال کا بیان تشویشناک ہے: لیاقت بلوچ
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ حدیبیہ پیپر کیس پر نیب ریفرنس اپیل کے حوالہ سے وزیر داخلہ احسن اقبال کا بیان بہت تشویشناک ہے ۔ حدیبیہ ریفرنس اپیل کا فیصلہ سپریم کورٹ کا ہے وزیر داخلہ کے الزامات کی تحقیق پانچ فاضل ججوں کا بنچ ہی کرائے اور حقیقت پوری قوم کے سامنے آئے ۔ جماعت اسلامی احتساب سب کا تحریک کو پورے ملک میں منظم کرے گی ۔ این اے 120 ضمنی الیکشن میں پھر عیاں ہوگیاہے کہ انتخابی جمہوری کرپشن اپنے عروج پر ہے ۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کو پارہ پارہ کر دیا گیاہے ۔ الیکشن کمیشن تماشائی بناہوا ہے ۔ شفاف ، غیر جانبدارانہ، با اعتماد انتخابی عمل کے لیے الیکشن کمیشن کو بااختیار بنانے کے لیے وہی اختیارات دیے جائیں جو آئین میں مالی اور انتظامی اختیارات سپریم کورٹ کو حاصل ہیں ۔ انتخابی اصلاحات میں امیدوار کے نئے حلف نامہ میں ترامیم کے ذریعے آئین کی دفعہ 62-63 کو غیر موثر بنانے کی سازش ہورہی ہے ایسی ترمیم کی مزاحمت کی جائے گی ۔