ٹریفک سارجنٹ ہلاکت کیس ایم پی اے عبدا لمجید اچکزئی پر فرد جرم عائد
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) سیشن عدالت نے ٹریفک سارجنٹ کی ہلاکت کے کیس میں رکن بلوچستان اسمبلی عبدالمجید اچکزئی پر فردجرم عائد کر دی۔ ملزم نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔ عبدالمجید اچکزئی کو کوئٹہ کی سیشن عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے ان پر فردجرم عائد کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر کیس کے گواہوں کو پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ عبدالمجید اچکزئی نے کیس میں ضمانت کیلئے بلوچستان ہائیکورٹ میں بھی درخواست دائر کی تھی جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔ واضح رہے جولائی میں کوئٹہ میں عبدالمجید اچکزئی کی گاڑی کی ٹکر سے ٹریفک سارجنٹ عطاء اللہ جاں بحق ہوا تھا۔ پولیس نے معاملہ دبانے کی کوشش کی‘ لیکن چیف جسٹس کے ازخود نوٹس پر ایم پی اے عبدالمجید اچکزئی کے خلاف کارروائی کی گئی۔