کراچی: ریزرو پولیس کے برطرف اہلکاروں کا احتجاج‘ خودسوزی کی کوشش‘ لاٹھی چارج‘ متعدد زخمی
کراچی (نیٹ نیوز) پولیس نے پریس کلب کے باہر احتجاج کرنے والے سندھ ریزرو پولیس کے برطرف اہلکاروں پر دھاوا بول دیا۔ لاٹھی چارج کے بعد علاقہ کئی گھنٹے میدان جنگ بنا رہا۔ لاڑکانہ، دادؤ اور سکھر سمیت مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے سندھ ریزرو پولیس کے برطرف اہلکار بحالی کے لئے احتجاج کر رہے تھے۔ ایک اہلکار نے پٹرول چھڑک کر خودسوزی کی کوشش کی تو پولیس اہلکار مظاہرین پر ٹوٹ پڑے۔ لاٹھی چارج سے کئی زخمی ہو گئے۔ مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔ کئی مظاہرین کو گرفتار کر کے گاڑیوں میں ڈال کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ یقین دہانیوں کے باوجود انہیں بحال نہیں کیا جا رہا۔ ریزرو پولیس نے بھی قربانیاں دیں۔ رزاق آباد دھماکے میں ہمارے 14 اہلکار شہید ہوئے تھے۔