• news

امریکی نائب وزیر خارجہ سے ملاقات‘ افغانستان سے داعش کے خاتمے کیلئے ملکر کام کر سکتے ہیں: سیکرٹری خارجہ

نیویارک (نوائے وقت رپورٹ) ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے امریکی نائب وزیر خارجہ ٹام شینن سے ملاقات کی۔ تہمینہ جنجوعہ جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لئے نیویارک پہنچی تھیں۔ سیکرٹری خارجہ نے ٹام شینن سے ملاقات میں ٹرمپ کی نئی پالیسی پر بات چیت کی اور امریکہ کی نئی پالیسی کے خطے پر اثرات سے آگاہ کیا۔ افغانستان میں امن کے امور پر بھی بات چیت کی۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ افغان امن کا معاملہ مذاکرات کے ذریعے ہی حل ہوسکتا ہے۔ پاکستان اور افغانستان میں امن کیلئے مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ افغانستان سے داعش کے خاتمے کیلئے دونوں ملکر کام کرسکتے ہیں۔ حالیہ امریکی بیانات پر پاکستان کا بھی سخت ردعمل سامنے آیا۔ پاکستان کیلئے امریکہ کے ساتھ تعلقات کی بہت اہمیت ہے دونوں ممالک انسداد دہشت گردی، مشترکہ دشمن کے خاتمے کیلئے تعاون کریں گے۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور افغان نائب وزیرخارجہ کے درمیان جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں امن واستحکام کیلئے دوطرفہ تعاون پر بات چیت ہوئی۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں امن، علاقائی استحکام کیلئے اہم ہے۔ افغان تنازع کاکوئی فوجی حل نہیں۔ تہمینہ جنجوعہ نے افغان امن کیلئے پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔ افغان نائب وزیر خارجہ حکمت کرزئی نے کہا کہ افغان حکومت پاکستان سے تعلقات مستحکم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

ای پیپر-دی نیشن