• news

اسلام آباد‘ احتساب عدالت میں ریفرنسز کی آج سماعت‘ شریف فیملی پیش نہیں ہو گی

اسلام آباد (نامہ نگار)اسلام آباد کی احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی پہلی سماعت آج بروز منگل ہوگی۔ 9 ہزار صفحات پر مشتمل چار ریفرنسز کی پہلی سماعت کے لئے شریف خاندان کے پانچ ملزموں کو صبح 9بجے ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا ہے ،نیب لاہور احتساب عدالت کی طرف سے بھجوائے گئے نوٹسز کی تعمیل کرا کے رپورٹ بھی عدالت میں پیش کرے گا۔قومی احتساب بیورو کی طرف سے عدالت عظمیٰ کی ہدایت پر شریف خاندان اور وزیر خزانہ کے خلاف چار ریفرنسز احتساب عدالت اسلام آباد میں دائر کئے گئے ہیں۔ دو ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نوازشریف، حسین نواز اور حسن نواز جبکہ ایک ریفرنس میں شریف خاندان کی ان تینوں اہم شخصیات سمیت مریم صفدر اور کیپٹن (ر) صفدر کو فریق بنایا گیا ہے۔چوتھا ریفرنس وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کے آمدن سے زائداثاثے بنانے سے متعلق ہے۔ احتساب جج اسلام آباد نے نوازشریف، حسین نواز، حسن نواز، مریم نواز، کیپٹن (ر) محمد صفدر کوآج جبکہ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کوکل بدھ کے روز طلب کیا ہے۔ ملزموں کو پیشی کے موقع پرنیب قانون کی دفعہ265سی کے تحت ریفرنس کی نقول فراہم کی جائیں گی اور اس کے بعد ملزموں پر فرد جرم عائد کی جائے گی اور مقدمے کی باقاعدہ کارروائی شروع ہو گی۔قانونی ماہرین کے مطابق فوجداری مقدمات میں پہلی پیشی پر ملزموں کا اصالتاً پیش ہونا قانونی تقاضا ہے اور بعدازاں کسی عذر کی بنیا دپر حاضری سے استثنی مل سکتا ہے،استثنیٰ کے لیے بھی ملزامان کا عدالت میں خود پیش ہونا ضروری ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر نوازشریف اور دیگر افراد پیش نہیں ہوتے تو نیب عدالت اسلام آباد کی طرف سے نیب کے توسط سے ان ملزموں کی حاضری کو یقینی بنانے کے لئے پہلے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری اوراس کے بعد ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے جا سکتے ہیں۔ سابق خاتون اول کلثوم نواز کی خراب صحت کے پیش نظر لندن میں موجودگی کے باعث نوازشریف، حسین نواز، حسن نواز ‘ مریم نواز‘ کیپٹن (ر) صفدرکے پیش نہ ہونے کا امکان ہے اور اس بارے میں ان کا وکیل عدالت کو باضابطہ طور پر آگاہ کر سکتا ہے۔نیشن رپورٹ کے مطابق نوازشریف، انکے دونوں بیٹے اور بیٹی آج احتساب عدالت کے سامنے پیش نہیں ہونگے کیونکہ یہ سب بیرون ملک ہیں اور عدالت انہیں کسی دوسری تاریخ کیلئے سمن جاری کرسکتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن