• news

سفیر کی ملاقات‘ سعودی عرب نے ہر مشکل میں ساتھ دیا‘ عوام حکومتی پالیسیوں کا تسلسل چاہتے ہیں: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف سے سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ شہبازشریف نے سعودی عرب کے سفیر کے ساتھ عربی زبان میں بھی گفتگو کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب ہمارا ایسا برادر دوست ملک ہے جو ہر قسم کے حالات میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ پاکستان کے عوام سعودی عرب کے ساتھ دلی اور روحانی وابستگی رکھتے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان اخوت اور بھائی چارے کا مضبوط تعلق موجود ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے گہرے دوستانہ، برادرانہ، مذہبی اورتاریخی تعلقات قائم ہیں اور پاکستان کی سماجی ترقی اور صنعت و تجارت کے فروغ میں سعودی حکومت کا تعاون اورکردار لائق تحسین ہے۔ سعودی عرب نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا بھر پور ساتھ دیا ہے۔ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور پاکستان اور سعودی عرب کے گہرے برادرانہ اور دوستانہ روابط میںوقت کے ساتھ مضبوطی آرہی ہے اور تجارتی اور اقتصادی تعلقات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سعودی عرب کے سفیر کی تعیناتی پر ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ این اے 120 کے ضمنی الیکشن میں بیگم کلثوم نواز کی کامیابی عوام کا مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے والہانہ محبت کا اظہار ہے۔ ضمنی الیکشن کے نتائج نے پھر ثابت کیا ہے کہ عوام خدمت کی سیاست کرنے والوں کے ساتھ ہیں اور احتجاجی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں، اسی لئے عوام نے ووٹ کی طاقت سے جھوٹ، الزام تراشی اورذاتی مفادات کی سیاست کرنے والوں کو شکست دی ہے اور ایک بار پھر فیصلہ دیا ہے کہ ملک میں منفی اور انتشار کی سیاست کی کوئی جگہ نہیں۔ میں این اے 120 کے ضمنی الیکشن میں کامیابی پر بیگم کلثوم نواز کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں اور مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں، کارکنوں اور ووٹروں کا خاص طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس کامیابی میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا اور دن رات محنت کرکے الیکشن جیتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے بھی بے حد شکر گزار ہیں۔ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت کا سفر پہلے سے زیادہ عزم کے ساتھ جاری رکھے گی۔ شہباز شریف کی زیرصدارت ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام کے امو ر پرپیشرفت کا جائزہ لیا گیا- وزیراعلی نے پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے یکساں حکمت عملی نہ اپنانے پر شدید برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ مفادعامہ کے اس اہم ترین پروگرام پر عملدرآمد کے لئے علیحدہ علیحدہ حکمت عملی کیوں اپنائی گئی؟ مجھے اس کا جواب چاہیے-وزیراعلی نے کہاکہ میں اللہ تعالی کے سا تھ صوبے کے عوام کو بھی جوابدہ ہوں- متعلقہ حکام اور اداروں کو ٹیم ورک کے طورپر کام کرنا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن