بینظیر قتل کیس: پی پی نے فیصلے کیخلاف ہائیکورٹ میں 3 اپیلیں دائر کر دیں‘ مشرف‘بری ہونیوالوں کو سزائے موت دینے کی استدعاq
راولپنڈی ( اپنے سٹاف رپورٹر سے +ایجنسیاں+نوائے وقت رپورٹ) پیپلزپارٹی نے سابق وزیراعظم بینظیربھٹو کے قتل کے مقدمے میں انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بنچ نے تین اپیلیں دائرکردیں ۔ پیرکو بے نظیر بھٹو کے خاوند آصف علی زرداری نے انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کے خلاف وکیل لطیف کھوسہ کے توسط سے اپیل دائر کیں۔ ایک اپیل پرویزمشرف، دوسری رفاقت حسین اور تیسری اعتزاز شاہ سے متعلق دائرکی گئی ۔بعدازاں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما ء لطیف کھوسہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم نے انسداددہشت گردی دفعہ کے تحت اپیلیں دائرکی ہیں۔ بینظیر بھٹوکی سیکورٹی ختم کردی گئی تھی، پوائنٹ بلینک رینج سے بی بی شہید کو گولی ماری گئی۔ پرویز مشرف نے بینظیر بھٹو کو دھمکیاں دی تھیں، بی بی شہید نے واضح لکھا تھا کہ اگرکچھ ہوا تو ذمہ دار پرویز مشرف ہوگا، بینظیر نے ای میل میں بھی لکھا کہ سیکورٹی خدشات ہیں۔انہوں نے کہاکہ اپیلوں میں جن ملزموں کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بری کیا انہیں بھی سزائے موت دینے کی استدعا کی ہے۔ اپیل میں مشرف کو بھی سزائے موت دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ اپیلوں میں مو‘قف اختیار کیا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے۔ واضح رہے کہ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 31 اگست کو بے نظیر بھٹو قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے 5 ملزموں کو بری، 2 کو سزا جب کہ سابق صدر مشرف کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی جائیداد کی قرقی کا حکم دیا تھا۔5 گرفتار ملزموں رفاقت، حسنین، رشید احمد، شیر زمان اور اعتزاز شاہ کو بری کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ عدالت نے سابق ایس پی خرم شہزاد اور سابق سی پی او سعود عزیز کو مجموعی طور پر 17، 17 سال قید کی سزا سنائی جبکہ دونوں کو پانچ، پانچ لاکھ روپے بھی جمع کرانے کا حکم دیاتھا۔