بدعنوانی خاموش قاتل‘ ملک پر کینسر کی طرح اثرانداز ہوتی ہے: قمرزمان چودھری
کوئٹہ (ایجنسیاں) نیب کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ بدعنوانی خاموش قاتل اور ملک پر کینسر کی طرح اثر اندز ہوتی ہے، نیب افسران بدعنوانی کے خاتمہ کو قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے قوم کی امنگوں پر پورا اترنے کیلئے اپنی کوششیں دوگنا کریں، نیب ملک سے بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقم وصول کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کیلئے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب بلوچستان کے الوداعی دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پرڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان عرفان نعیم منگی نے کہا آپ کے الوداعی دورے کے موقع پر نیب بلوچستان میں آپ کا خیرمقدم کرنا میرے لئے خوشی کا مقام ہے۔ چیئرمین نیب نے ہمیشہ بلاخوف و خطر اپنے فرائض کی ادائیگی میں نیب افسران کی رہنمائی کی ہے۔ یہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے کہ ہم نے 2014ءسے 2017ءکے دوران آپ کی ولولہ انگیز قیادت میں بد عنوانی کے خاتمہ کےلئے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کیا بدعنوان عناصر کی گرفتاریوں اور ان سے اربوں روپے برآمد کرنے کیلئے مو¿ثر اقدامات کئے ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا کہ جب سے میں نے چیئرمین نیب کا عہدہ سنبھالا ہے میں نے نیب میں بدعنوانی کی روک تھام پر اصلاحات کا عمل شروع کرکے ادارہ جاتی احتساب جیسے نئے اقدامات کئے ہیں۔ نیب ہر قسم کی بدعنوانی سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے۔ بدعنوانی ملک کی ترقی اور خوشحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، اس سے ناانصافی، غربت کو فروغ ملتا ہے جبکہ مستحق افراد اپنے حق سے محروم ہو جاتے ہیں۔ نیب وائٹ کالر جرائم سمیت تحقیقاتی مقدمات دس ماہ میں نمٹانے پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے نیب بلوچستان کی کارکردگی کی تعریف کی اور نیب کے افسران کو نیب کی قانون پر عملدرآمد کی پالیسی کے تحت تمام بد عنوان عناصراور اشتہاریوں کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔ اس سے پہلے نیب بلوچستان آمد پر چیئرمین نیب کو گارڈ آف آنر دیا گیا جبکہ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان عرفان نعیم منگی سے ملاقات کی جنہوں نے نیب بلوچستان کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ مزید براں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاﷲ زہری سے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے نیب کی کاوشوں کو سراہا