• news

دھاندلی زدہ انتخابی نظام میں شفافیت کی کوئی گنجائش نہیں:طاہرالقادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ موجودہ دھاندلی زدہ انتخابی نظام میں شفافیت کی کوئی گنجائش نہیں، انتخابی اصلاحات کیلئے پارلیمانی کمیٹی نے ڈیڑھ سو سے زائد اجلاس منعقد کئے، نتیجہ سب کے سامنے ہے۔پاکستان مشکل دور سے گزررہا ہے،کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے گاڈ فادرسے کوئی نرمی نہ برتی جائے،جو کام آج ’’پین کلر ‘‘سے ممکن ہے غفلت برتنے سے وہی کام کل بڑے آپریشن کا تقاضا کرے گا، حکمران جماعت کی انتخابی مہم سے لگا انکے مخالف امیدوار سپریم کورٹ اور قومی سلامتی کے ادارے ہیں، سب کچھ دیکھنے کے باوجود الیکشن کمیشن خاموش رہا ۔35 سال سیاہ و سفید کے مالک بنے رہنے والوں کے آبائی حلقہ میں 60 ہزار سے زائد ووٹ ان کی مخالفت میں آئے، 3 حکومتوںکے وسائل کا شاندار انداز میں مقابلہ کرنے پر ڈاکٹر یاسمین راشد مبارکباد کی مستحق ہیں۔ وہ گزشتہ روز سینٹرل کور کمیٹی کے ارکان سے گفتگو کررہے تھے۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ 100 لوگوں کو گولیاں مارنے والے اور 14 کو شہید کرنے والے آج بھی دندناتے پھررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی جانب سے انتخابی مہم میں شرمناک انداز میں سپریم کورٹ اور قومی سلامتی کے اداروں کو ٹارگٹ کیا گیا، کیا اس کا نوٹس لینا الیکشن کمشن کی ذمہ داری تھی جو اس نے پوری نہیں کی۔ گاڈ فادر سمجھتا ہے حکومت، ریاست، جمہوریت شریف خاندان کے اقتدار میں رہنے کا نام ہے۔دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر محمد طاہر القادری نے منہاج گرلز کالج میں سینئر کلاسز کی طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پڑھی لکھی بچیاں، بیٹیاں پاکستان کا مستقبل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے قوم کی بیٹیوں کو اعلیٰ اور معیاری تعلیم فراہم کرنے کیلئے عالمی معیار کے ادارے بنائے ہیں جہاں پسماندہ خاندانوں کی بچیاں باوقار انداز میں اعلیٰ حاصل کررہی ہیں۔ اس موقع پرچیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین،ڈاکٹر غزالہ حسن قادری، فضہ حسین قادری اور پرنسپل ڈاکٹر ثمر فاطمہ بھی موجود تھیں۔
طاہرالقادری

ای پیپر-دی نیشن