وزیر اعظم شاہد خاقان سے ملاقات، خطے کی سلامتی کےلئے پاکستان سے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں: امریکی نائب صدر
نیو یارک (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے امریکی نائب صدر مائیک پنس سے ملاقات کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق امریکی نائب صدر مائیک پنس نے شاہد خاقان عباسی کی آمد پر شکریہ ادا کیا ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر نائب صدر مائیک پنس نے کہا کہ امریکہ پاکستان سے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ خطے کی سلامتی کیلئے پاکستان کیساتھ ملکر کام کرنا چاہتے ہیں۔ خطے کے امن اور سلامتی کیلئے پاکستان کیساتھ طویل المدتی شراکت داری چاہتے ہیں۔ پاکستان سے بہتر تعلقات کیلئے نئی راہیں تلاش کر ر ہے ہیں۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قربانیاں دی ہیں۔ دہشت گردی کی روک تھام میں امریکہ کا تعاون، شراکت داری چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا امریکہ سے دہشت گردی کیخلاف جنگ اور دیگر امور پر تبادلہ خیال چاہتے ہیں، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان عالمی اتحاد کا حصہ ہے۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے بے پناہ نقصان اٹھایا ہے۔ پاکستان خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔ دہشت گردی کیخلاف تعاون جاری رکھیں گے۔ قبل ا زیں وزیراعظم نے ترک صدر طیب اردگان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ترک صدر کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار پر بریف کیا۔ ملاقات میں روہنگیا مسلمانوں کا معاملہ بھی زیربحث آیا۔ دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ علاوہ ازیں جنرل الیکٹرک کے نائب صدر جان رائس سے ملاقات کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان میں غیرملکی کمپنیوں کے لئے سرمایہ کاری کے دروازے کھلے ہیں، امریکی کمپنیوں کو سرمایہ کاری پر خوش آمدید کہیں گے۔ پاکستان میں غیرملکی کمپنیوں کے لئے سرمایہ کاری کے دروازے کھلے ہیں، امریکی کمپنیوں کو سرمایہ کاری پر خوش آمدید کہیں گے۔وزیراعظم کل 21ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ ان کی ترکی، ایران، افغانستان اور سری لنکا کے صدور سے ملاقاتیں بھی ہوں گی۔ وزیر اعظم نیپالی، برطانوی ہم منصب اور اردن کے شاہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم کونسل آف فارن ریلیشنز سے بھی خطاب کریں گے۔جنرل الیکٹرک کے نائب صدر جان رائس نے کہا کہ پاکستان جنرل الیکٹرک کیلئے ایک اہم مارکیٹ ہے۔ ہم پاکستان میں لوکو موٹو اور شعبہ صحت میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جنرل الیکٹرک کی پاکستان سے وابستگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جنرل الیکٹرک کمپنی کی مہارت سے بہت فوائد حاصل کر رہا ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے افغانستان کے صدر اشرف غنی اور سری لنکا کے صدر سے ملاقاتیں کیں جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی معاملات پر بات چیت کی گئی ۔ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور ترک صدر رجب طیب اردگان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماﺅں نے علاقائی امن وسلامتی کی صورتحال پر جائزہ لیا۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات مشترکہ ثقافتی ، تاریخی اور مذہبی رشتے پر ہیں ۔ دوطرفہ تعلقات تذویراتی شراکت داری میں ڈھل رہے ہیں اوردونوں ملکوں کی دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط تر ہو رہی ہے۔دونوں رہنماﺅں کا باہمی تعاون کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا۔دونوں رہنماﺅں نے سیاسی، دفاعی ، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون پر اظہار اطمینان کیا۔دونوں رہنماﺅں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آزادانہ تجارت کامعاہدہ دوطرفہ تجارت کوفروغ دے گا۔دونوں رہنماں نے آزادانہ تجارت کے معاہد ے کو جلدحتمی شکل دینے پرزور دیا۔ترک صدر طیب اردگان نے پاکستان کےساتھ منافع بخش سٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کےلئے جاری کوششوں کےلئے ترکی کے عزم کی توثیق کی ۔افغانستان میں امن واستحکام کی کوششوں کے حوالے سے دونوں رہنماﺅں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ، افغانستان میں وہاں کی قیادت میں امن عمل کے ذریعے افغانستان میں داخلی سیاسی حل کےلئے ایک علاقائی نقطہ نظر کے لئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی ۔دونوں رہنماﺅں نے افغانستان میں دیرپا امن واستحکام کو فروغ دینے کےلئے پاکستان ، افغانستان اور ترکی کے درمیان کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔وزیراعظم اور افغان صدر نے تعلقات کی بہتری کیلئے اقداما ت پر اتفاق کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھاکہ پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور خطے کے مفاد میں ہے ۔پاکستان افغانستان میں امن واستحکام کا خواہاں ہے اور اس سلسلے میں اپنا تعاون جاری رکھے گا۔مزید برآں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے او آئی سی رابطہ گروپ سے خطاب کرتے کہا ہے کہ میانمار کی صورتحال پر پاکستان کو شدید تشویش ہے۔ برما میں سینکڑوں معصوم مسلمانوں کی جانیں گئیں جن میں خواتین، بچے شامل ہیں۔ تمام صورتحال واضح ہے مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔ چار لاکھ روہنگیا مسلمانوں کو گھر چھوڑنے پر مجبور کیا گیا۔ روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی فوری روکی جانی چاہئے، مسلمانوں پرمظالم روکنے کے اقدامات کرنا ہوںگے۔ عالمی برادری برما کی حکومت کو روہنگیا مسلمانوں پر مظالم سے روکے اور برمی حکومت پر دباﺅ بڑھائے۔ یو این فیکٹ فائنڈنگ مشن کو فوری طور پر برما بھیجا جائے مہاجرین کی برما واپسی کے لئے اقدامات کئے جائیں او آئی سی روہنگیا مسلمانوں کے لئے آواز اٹھانے میں کردار ادا کرے۔ عالمی امدادی اداروں کو متاثرہ علاقوں میں فوری رسائی دی جائے، میانمار کو روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ تفریق کا خاتمہ کرنا چاہئے۔
نیو یارک (آن لائن) وزیرخارجہ خواجہ آصف نے نیویارک میں عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیث سے ملاقات میں مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل کے لئے بات چیت پر زور دیا۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے سلسلے میں نیویارک میں موجود وزیر خارجہ خواجہ آصف نے عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل کو مسئلہ کشمیر سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کشمیریوں پر بھارتی مظالم پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ سیکرٹری جنرل ابوالغیث نے دنیا میں امن کےلیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔ دونوں رہنماو¿ں نے فلسطین میں قابض صہیونی افواج کے بچوں اور خواتین پر مظالم کا معاملہ عالمی سطح پراٹھانے پر اتفاق کیا۔ ادھر وزیرخارجہ خواجہ آصف نے کرغےز ہم منصب ارلان عبداللہ سے بھی ملاقات کی۔ دونوں رہنماوں میں کاسا منصوبے سمیت دو طرفہ تعلقات بڑھانے اتفاق پرکیا گیا۔