• news

جعلی مینڈیٹ سے آنےوالا کرپشن پر نااہل ہو چکا‘ انتخابات قریب ہیں: زرداری

لاہور+ اسلام آباد (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے آئندہ عام انتخابات قریب ہیں‘ کارکن انتخابات کی تیاری کریں۔ 2018ءکا سال پیپلز پارٹی کا سال ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی واحد پارٹی ہے جو نوجوانوں کے بہترین مستقبل کی سوچ رکھتی ہے۔ پیپلز پارٹی کی نوجوان قیادت نوجوانوں کو ہرگز مایوس نہیں کریگی یہ بات انہوں نے کے پی کے میں پارٹی کے صوبائی صدر ہمایوں خان کی رہائش گاہ پر سابق گورنر پنجاب و جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر مخدوم سید احمد محمود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا ملک کو اس وقت کافی مشکلات در پیش ہیں ہم پاکستان کو دوبارہ کھڑا کریں گے جعلی مینڈیٹ سے اقتدار میں آنے والا خود کرپشن پر تاحیات نا اہل ہو چکا۔ وفاقی و صوبائی حکومت پنجاب ہر محاذ پر نا کام تمام وعدے جھوٹے نکلے۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی پر یقین رکھتی ہے‘ لوٹ مار کرنے والوں کے لئے 2018ءکے انتخابات یوم احتساب ہونگے‘ عوام کے ووٹ کی طاقت سے اپنے سیاسی مخالفین کو تاریخی شکست سے دو چار کریں گے۔ انہوں نے پارٹی کی صوبائی تنظیموں کے عہدیداران پر زور دیا وہ اپنی صوبائی تنظیموں سمیت ڈویژنل و ڈسٹرکٹ تنظیموں کے ساتھ ذیلی تنظیموں کی تنظیم سازی جلد از مکمل کر کے ناراض کارکنوں سے رابطے کر کے انہیں پارٹی میں دوبارہ واپس لا کر انکے وسیع تجربے کی روشنی میں پارٹی کو مزید فعال اور مضبوط بنائیں۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی قیادت میں پارٹی بھرپور قوت کے طور پر سامنے آرہی ہے۔ انشاءاللہ آئندہ مستقبل پیپلز پارٹی کا ہی ہے۔ مخدوم احمد محمود نے پارٹی کے شریک چیئرمین کو یقین دلایا وہ جنوبی پنجاب میں پارٹی تنظیموں کی تنظیم سازی سمیت ناراض کارکنوں کو دوبارہ واپس لا کر پارٹی کو 1970ءاور 1977ءوالی پوزیشن پر لا کر اسے مضبوط اور فعال بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والی با اثر سیاسی شخصیات پارٹی میں شمولیت اختیارکرنے کیلئے تیار بیٹھی ہیں لیکن ہم انہیں مناسب وقت پر پارٹی قیادت کی مشاورت سے سامنے لائیں گے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق آصف زرداری سے پیر آف مانکی شریف نے ملاقات کی اعلامیہ کے مطابق پیر آف مانکی شریف پیپلزپارٹی میں شامل ہو گئے۔ خیبر پی کے کے بعد پنجاب میں پی ٹی آئی کی وکٹیں گرنا شروع ہو گئیں۔ آصف علی زرداری سے پی ٹی آئی کے رہنما علی حسنین نے ملاقات کی اور وہ تحریک انصاف چھوڑ کر پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے۔ علی حسنین پی ٹی آئی کے ریجنل آرگنائزر تھے۔خبرنگار خصوصی کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری آئندہ ہفتے دبئی چلے جائیں گے اور دو ہفتے قیام کریں گے۔ مزید براں میر مرتضیٰ بھٹو کی برسی پر اپنے پیغام میں آصف علی زرداری نے کہا کہ میر مرتضیٰ بھٹو نے سخت ترین جلاوطنی برداشت کی، اپنی والدہ اور ہمشیرہ پر ڈکٹیٹرشپ کی جانب سے ظلم ہوتے ہوئے دیکھا، اپنے والد اور بھائی کے قتل کا صدمہ برداشت کیا لیکن انہوں نے اپنے اصولوں کو نہیں چھوڑا اور ڈکٹیٹر سے کسی بھی مفاہمت سے انکار کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن