سکھر: سیمنٹ فکیٹری میں بارود ناکارہ بناتے دھماکہ، ایک رینجرز، 2 پولیس اہلکاروں سمیت 4 جان بحق
سکھر/ کراچی (نامہ نگار/ کرائم رپورٹر) روہڑی سیمنٹ فیکٹری کا بارودی مواد تلف کرنے کے دوران دھماکہ‘ دو پولیس اہلکار‘ ایک رینجرز اہلکار سمیت 4 افراد شہید‘ 8 سے زائد زخمی ہو گئے‘ سکھر اور روہڑی کے اسپتالوں میں زخمیوں کو داخل کرا دیا گیا۔ ایس ایس پی سکھر‘ کمانڈنگ آفیسر رینجرز اور دیگر حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق روہڑی سیمنٹ فیکٹری میں موجود بارودی مواد کو تلف کرنے کےلئے رینجرز اور پولیس کو طلب کیا گیا تھا رینجرز اور پولیس کا عملہ بارودی مواد تلف کرنے میں مصروف تھا کہ بارودی مواد میں آگ لگ گئی اور زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کے دو اہلکار سلیم رضا اور شاہد مغل رینجرز اہلکار اللہ ڈنو اور محنت کش زبیر احمد شہید ہو گئے جبکہ 8 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ ایس ایس پی سکھر امجد شیخ نے روہڑی سیمنٹ فیکٹری کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کرائی جائے گی۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے آئی جی سندھ کو 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے زخمیوں کے علاج معالجے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمیوں کو تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں۔ علاوہ ازیں ڈی آئی جی سکھر فیروز شاہ نے سول اسپتال سکھر کا دورہ کیا اور روہڑی دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی سکھر سے جامع تحقیقات پر مشتمل رپورٹ فوری طور پر طلب کر لی ہے۔