آئین کے پابند‘صدر اور غریب کا بیٹا برابر ہیں: سپریم کورٹ
اسلام آباد (آن لائن ) سپریم کورٹ نے قتل و ڈکیتی کے مقدمے میں نامزد دو ملزموں ڈاکٹر نجمہ سلطانہ اور عامر بشیر کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی ۔ جسٹس دوست محمد خان نے ریمارکس دیئے کہ عدالت آئین کی پابندہے اور آئین میں صدر پاکستان اور غریب کا بیٹا برابر ہیں ، عام شہری اور خاص اداروں کے افراد کے لیے الگ الگ قانون نہیں ہو سکتا۔ سماعت شروع ہوئی تو مدعی مقدمہ نے عدالت سے وکیل کی خدمات واپس لینے کے لیے مقدمہ ملتوی کرنی کی استدعا کی جس پر جسٹس دوست محمد خان نے ریمارکس دیئے کہ ایسا لگ رہا ہے مدعی مقدمہ میں تاخیر کر رہا شہریوں کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے ، فوجداری مقدمات میں مدعی کا کردار ریاست کے بعد ہوتا ہے ،فوجداری مقدمات میں غلط پالیسی کے باعث ملزموں کی کئی کئی مہینے ضمانت نہیں ہوتی۔ فوجداری مقدمات میں پولیس کے سوا کسی کی تفتیش قبول نہیں۔