• news

فورسز پر حملے، 21 افراد کا قتل، آرمی چیف نے 4 دہشت گردوں کو سزائے موت کی توثیق کردی

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے 4 خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چاروں دہشت گرد اغوا برائے تاوان، دہشت گردی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث تھے۔ کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے چاروں مجرموں نے مجموعی طور پر 21 افراد کو قتل کیا۔ چاروں کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل ہوا اور انہیں سزائے موت سنائی گئی۔ شبیر احمد مسلح افواج پر حملوں میں ملوث تھا جس کے نتیجے میں میجر عدنان اور 10 دیگر فوجی اہلکار شہید ہوئے۔ مجرم 4 فوجی اہلکاروں کے اغوا اور پھر ان کے قتل کی واردات میں بھی ملوث تھا۔ ع±مارا خان مسلح افواج پر حملوں میں ملوث تھا جس میں 3 فوجی اہلکار شہید ہوئے۔ سزا یافتہ دہشت گرد ہزارہ میں طالبات کے سرکاری پرائمری سکول کو تباہ کرنے کے واقعہ میں بھی ملوث تھا جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ طاہر علی نے مسلح افواج پر حملے کئے جس کے نتیجے میں 2 فوجی اہلکار شہید ہوئے۔ آفتاب الدین قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر حملے میں ملوث تھا جس میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔ مجرم کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن