• news

نواز شریف، عمران عوام کو گمراہ ،سیاست بچانے کےلئے اوروں کو بد نام کرتے ہیں: بلاول

ساہیوال (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ساہیوال میں جلسہ عام سے خطاب میں کہا ہے کہ میرا آپ سے سالوں پرانا رشتہ ہے، آپ سے میرا صرف سیاسی رشتہ نہیں، نظریاتی اور جدوجہد کا رشتہ ہے۔ نااہل حکمرانوں نے قوم کو قدم قدم پر دھوکہ دیا ہے۔ ان کی سیاست اپنے کاروبار بڑھانے کی سیاست ہے۔ پنجاب میں کسانوں کے حقوق کو سلب کیا جا رہا ہے، مہنگائی یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ پیاز اور ٹماٹر کی قیمت آسمان تک پہنچ گئی۔ مسلم لیگ ن کی حکومت پچھلے چار سالوں سے کیا کرتی آئی ہے۔ پنجاب حکومت کے مظالم کی تلوار آج بھی عوام پر چل رہی ہے۔ آمروں کی اولاد جمہوری لبادہ اوڑھ کر عوام کا خون چوس رہی ہے۔ اوکاڑہ زرعی فارم کے مزارعین کا استحصال جاری ہے۔ پیپلز پارٹی نے اوکاڑہ زرعی فارم کے مزارعین کا ہمیشہ ساتھ دیا ہے۔ کمیشن خور حکمرانوں نے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے نام پر مہنگا منصوبہ بنایا۔ ساہیوال کول پلانٹ سے ماحولیاتی مسائل پیدا ہونگے۔ ہمارے دور میں 30 ایکڑ سے کم زمین کے مالک کو کسان کارڈ دیا جائے گا۔ آپ سے وعدہ ہے کہ کسان اور مزدور دوست منشور ہو گا۔ میرا جینا مرنا عوام کیلئے ہے۔ آصف زرداری نے گندم کی قیمت 600 سے بڑھا کر 1200 روپے کی تھی۔ گندم کی قیمت بڑھانے سے کسان خوشحال ہوا تھا۔ آپ کو یاد ہو گا پیپلز پارٹی کیخلاف آئی جے آئی بنائی گئی تھی۔ آئی جے آئی میں آمریت کے سہولت کاروں کو یکجا کیا گیا تھا۔ آج رجعت پسند پارٹیاں کالعدم تنظیموں کے نرغے میں ہیں۔ نواز شریف اور عمران خان عوام کو گمراہ کرتے ہیں۔ یہ میرا پہلا اور ان کا آخری الیکشن ہو گا۔ یہ اپنی سیاست چمکانے کیلئے اداروں کو بدنام کرتے ہیں۔ میں گالی اور دھمکیوں کی سیاست نہیں کرتا۔ ملک کے ہر شہر جاﺅں گا۔ عوام سے رابطہ کروں گا۔ تبدیلی کی بات کرنے والے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ پاکستان کو کوئی خطرہ نہیں ہے لیکن حکمرانوں کے اقتدار کو ضرور خطرہ ہے ، پیپلز پارٹی بھٹو کے آئین کو نا اہل حکمرانوں کو بچانے کے لیے کسی آئینی ترمیم کا حصہ نہیں بنے گی بلکہ بھٹو کے دیئے ہوئے آئین کا تحفظ کیا جائیگا ، منصوعی سیاستدان آتے جاتے رہینگے بھٹو شہید کبھی بے نظیر اور کبھی بلاول بھٹو کی شکل میں زندہ رہیگا۔ بلاول نے کہا کہ پنجاب کے شیروں کے کالعدم تنظیموں سے روابط ہیں اور آمروں کے خلاف تحریکیں چلانے والے پنجاب کے حکمران آمروں کی گود میں بیٹھ کر فیصلے کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو آج اپنی 29ویں سالگرہ منائیں گے۔ پیپلز پارٹی کے زیراہتمام ان کی سالگرہ پر تقریبات ہوں گی۔

ای پیپر-دی نیشن