• news

2018 کیلئے نئے ہیروز کاسٹ کرنے کا فیصلہ

لاہور(شوبز ڈیسک )ری وائیول ہوتی ہوئی ملکی فلم انڈسٹری میں کامیاب فلمیں پروڈیوس کرنیوالے اداروں نے اپنی نئی فلموں میں نئے ہیروز کو کاسٹ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ فلمساز حسن ضیا اور ہدایتکار یاسر نواز کی فلم رانگ نمبر سے متعارف ہونیوالے ہیرو دانش تیمور اب ان کی تیسری فلم چکر کا حصہ نہیں ہونگے ، ان کی جگہ اب کسی اور ہیرو کو کاسٹ کیا جائیگا۔واضح رہے رواں برس کے دوران اس ادارے کی عیدالفطر کے دن ریلیز ہونیوالی فلم مہر النسا وی لب یو کو خاطر خواہ کامیابی نہ ملنا وجہ بتائی جا رہی ہے ، پروڈیوسر ہمایوں سعید کی ابتدائی دو فلمیں میں ہوں شاہد آفریدی اور جوانی پھر نہیں آنی میں اہم کرداروں میں جلوہ گر ہونیوالے حمزہ علی عباسی اسی ادارے کی نئی فلم جوانی پھر نہیں آنی 2 کا حصہ نہیں ہونگے۔ ان کی جگہ اب اس گروپ میں فہد مصطفی شامل ہونگے۔ مذکورہ فلم کی عکسبندی کا آغاز آئندہ ماہ بیرون ملک میں کئے جانے کا قوی امکان ہے۔فلم انڈسٹری کے سینئر ترین اداکار جاوید شیخ نے بھی کئی فلموں کا حصہ بنانے کے باوجود اپنے بھائی سلیم شیخ کوا پنی نئی فلم وجود میں شامل نہیں کیا۔ پروڈیوسر و اداکارہ حریم فاروق کی فلم جانان میں مرکزی کردار ادا کرنیوالے بلال اشرف کو نئی فلم پرچی میں حریم فاروق نے کاسٹ نہیں کیا۔ اس کے علاوہ دیگر پروڈیوسرز نے بھی روایتی انداز سے فنکاروں کو کاسٹ کرنے کے عمل کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک ہی چہرے کو اپنے ساتھ شامل کرنے سے کہانی میں حقیقت کا رنگ نہیں آتا ، ہر کردار فنکار کی شخصیت کے مطابق ہونا چاہئے تاکہ فلم میں فنکار کی پرفارمنس میں حقیقت کا عکس نظر آئے۔

ای پیپر-دی نیشن