• news

تین پاور جنریشن پلانٹ مرمت کے باعث بند، بجلی کا شارٹ فال 1500 میگاواٹ سے بڑھ گیا

لاہور، لالہ موسیٰ، بصیرپور (کامرس رپورٹر+ نامہ نگاران) ملک میں بجلی کی پیداوار میں کمی سے شارٹ فال بڑھ گیا جس کے باعث لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ کردیا گیا۔ تین پاور جنریشن پلانٹ سالانہ مرمت کے باعث بند ہوجانے سے بجلی کی پیداوار میں کمی ہوئی اور 1500 میگاواٹ بجلی نیشنل سسٹم سے نکل گئی جس کے باعث شارٹ فال بڑھا اور لوڈشیڈنگ کا دورانیہ میں تین سے چار گھنٹے اضافہ کردیا گیا۔ لیسکو سمیت تمام ڈسکوز کا کوٹہ بھی کم دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز شہروں میں 10 جبکہ دیہی علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی گئی۔ لاہور، لالہ موسیٰ اور بصیر پور سمیت دیگر شہروں میں دن کے وقت ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی گئی۔ اعلانیہ اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ای پیپر-دی نیشن