مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ سے تاجک سفیر کی ملاقات‘ دوطرفہ تعلقات مربوط بنانے پر اتفاق
اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان اور تاجکستان نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مربوط بنانے پر اتفاق کیا ہے یہ اتفاق گذشتہ روز قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ اور پاکستان میں تاجکستان کے سفیر شیرلئی جونوف کے درمیان ہونیوالی ملاقات میں کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز پاکستان میں تعینات تاجکستان کے سفیرشیرلئی جونوف نے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا‘ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی امور علاقائی سلامتی سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان کے تاجکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان تعلقات میں بہتری آئی ہے۔ تاجکستان کی حکومت پاکستان کے ساتھ دفاع، توانائی اور دیگر شعبوں میں تعلقات میں اضافہ چاہتی ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کائونٹر ٹیرارزم کے شعبے میں پاکستان کی طرف سے تاجک فوجیوں کو ٹریننگ دینے کے اقدام کو بھی سراہا۔ تاجک سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر خان جنجوعہ آئندہ دورہ تاجکستان کے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔