• news

کراچی : محرم میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام‘ اسلحہ کی کھیپ برآمد‘ تشدد سے ایک شخص ہلاک

کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی کے علاقے نرسری کے قریب کاسمیٹیکس کے گودام میں دھماکے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ دھماکہ کاسمیٹکس کے گودام میں صبح 9 بجے کے قریب ہوا جس سے گودام میں آگ لگ گئی۔پولیس کے مطابق دھماکے سے گودام میں رکھے کیمیکل نے آگ پکڑ لی، آگ کی شدت سے گودام کی دیوار گر گئی اور قریبی گھروں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی نعش نکال لی گئی ہے۔فائر فائٹرز کے مطابق 3 فائر ٹینڈرز نے آگ پر قابو پالیا ہے۔ریسکیو اہلکاروں نے بتایا واقعے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت سلمان کے نام سے ہوئی ہے جو گودام میں ہیلپر تھا جب کہ واقعہ میں چوکیدار بھی زخمی ہوا ۔گودام کے مینیجر کا کہنا ہے کہ دھماکا گودام کے باہر ہوا ہے جس سے گودام کو نقصان پہنچا ہے۔پولیس کے مطابق گودام میں 8 سے 9 افراد کام کرتے ہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کاسمیٹکس فیکٹری میں مبینہ کیمیکل دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔لانڈھی کے علاقے برمی کالونی میںپولیس کے ساتھ مقابلے کے بعد دہشت گرد بھاری اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد تحویل میں لے لیا۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد دہشت گردی کے لئے استعمال کیا جانا تھا ۔ پولیس نے حساس اداروں کی نشاندہی پربرمی کالونی میں دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مارا تھا۔ چھاپے کے دوران دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا اور مبینہ طور پر القاعدہ برصغیر کے اہم کمانڈر سعید لوہار سمیت چار دہشت گرد پولیس کا گھیرا توڑ کر فرار ہوگئے۔ دس راکٹ لانچر ، دس راکٹ شیل، چار دستی بم، پانچ آوان بم، دو بال بم اور ایک کلو گرام دھماکہ خیز مائوزر، تین کلاشنکوفیں اور رائفلیں دو موٹرسائیکلیں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔ سرچ آپریشن اور کارروائیوں کے دوران 18 افراد کو گرفتار جبکہ 30 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔محرم الحرام سے قبل جلوس کی گزرگاہ اور اطراف کے علاقے کو کلئیر کرنے کے لیے پولیس اور رینجرز نے لائنز ایریا توحید چوک اور اطراف میں مشترکہ سرچ آپریشن کیا۔ ناظم آباد اور رضویہ کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔ 8 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے چار دستی بم اور چار پستول برآمد کئے گئے۔ گارڈن میں پولیس نے 6 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کی محمد خان کالونی میں کارروائی میں 2 اسٹریٹ کرمنل کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ جبکہ کارروائی کے دوران 26 مشکوک افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔ادھر سولجر بازاد میں 2 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے جبکہ عزیز بھٹی کے علاقے میں 5 خواتین سمیت 8 ملزمان گرفتار کیا ہے۔ پاکستان رینجرز سندھ کے ترجمان کے مطابق ڈکیت گروپ میں شامل چاسر ملزمان راحیل، بہرام، فیضان اور وہاج کو لیاقت آباد سے گرفتار کیا گیا۔ گینگ وار کے نویدکو گرفتار کیا گیا۔ سچل کے علاقے میں ملزم راان عرف بوٹا کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ دریں اثناء کراچی کے مختلف علاقوں مں تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص ہلاک تین زخمی ہوگئے۔ تشدد سے ہلاک کئے جانے والے شخص کی کم از کم پانچ دن پرانی لاش کریم آبادمیں شکیل کارپوریشن کے قریب سیملی جس کی شناخت 40سالہ انور خان کے نام سے ہوئی۔ گبول گوٹھ میں مسلح افراد نے ایک شخص40 سالہ غلام نبی ولد محمد علی کو فائرنگ زخمی کردیا۔ جبکہ کورنگی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد 26 سالہ فخر الدین اور 45 سالہ شیخ عبدالقیوم زخمی ہوگئے۔ ڈیفنس فیز 4 میں ڈاکوئوں نے سینئر صحافی اور کراچی پریس کلب کے سابق صدر ایس ایم فضل کا گھر لوٹ لیا‘ ڈاکو جن کی تعداد 4 تھی بدھ کی صبح ایس ایم فضل کے گھر میںداخل ہوئے اور اہل خانہ کو یرغمال بنانے کے بعد لاکھوں روپے مالیت کے زیورات اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔

ای پیپر-دی نیشن