• news

روہنگیا مسلمانوں کیخلاف آپریشن بند انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سدباب کیا جائے عالمی رہنما

نیویارک، ینگون (نیوز ایجنسیاں) عالمی رہنماؤں نے میانمار سے فوجی آپریشن بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خاتون رہنما آنگ سان سوچی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے سوچی کو فون کرکے زور دیا کہ روہنگیا مہاجرین کو انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سدباب کیا جائے۔ جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا کہ میانمار میں فوجی آپریشن بند کیا جائے اور انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ وہ اس سلسلے میں سلامتی کونسل میں بھی قرارداد پیش کریں گے۔ برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے بھی ریاست رخائن میں فوجی آپریشن بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے مطالبہ کیا ہے کہ میانمار اپنے تقریباً 4 لاکھ 20 ہزار روہنگیا مسلمان شہری واپس لے۔ نیویارک میں اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر سماجی کارکنوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ میانمار حکومت کو بتا دیا ہے کہ سالہا سال سے وہاں آباد روہنگیا مسلمان میانمار کی ذمہ داری ہیں اور حکومت کو ان کو پناہ فراہم کرنے کا بندوبست کرنا چاہئے۔ سفارتی اقدامات بھی کر رہے ہیں تاہم میانمار حکومت کوئی جواب نہیں دے رہی۔ اس کے برعکس میانمار سرحدوں پر بارودی سرنگیں بچھا رہا ہے تاکہ مہاجرین کی واپسی روکی جا سکے۔ این این آئی کے مطابق اس سے قبل میانمار کی رہنما آنگ سان سوچی نے غیرملکی سفیروں سے میانمار میں خطاب کے دوران کہا کہ بنگلہ دیش میں موجود صرف تصدیق شدہ مہاجرین کو واپس لانے کیلئے تیار ہیں۔ ہجرت کرنیوالے روہنگیا مسلمانوں کی تصدیق کا عمل کسی وقت بھی شروع کر سکتے ہیں۔ ادھر چین نے میانمار کی ریاست رخائن میں امن کی بحالی اور استحکام کیلئے میانمار کو 147058 ڈالر فراہم کئے ہیں۔ اے پی پی کے مطابق ورلڈ بنک اور ایشیائی ترقیاتی بنک نے میانمار میں تشدد، نقل مکانی، پرتشدد کارروائیوں اور روہنگیا مسلمانوں کے پڑوسی ممالک میں ہجرت کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ عالمی بنک نے بیان میں میانمار میں تمام لوگوں کی حفاظت اور رخائن میں فوری انسانی امداد کیلئے تمام فریقوں پر دباؤ بنانے کی اپیل کی ہے۔ اے ایف پی کے مطابق بنگلہ دیشی حکومت نے کاکس بازار میں روہنگیا مہاجرین کو ریلیف کی فراہمی کیلئے فوج کو احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ عبدالقادر نے کہا ہے کہ فوج مہاجرین کو شیلٹر کی فراہمی کے ساتھ خوراک فراہم کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن