تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے: راجہ فاروق حیدر
مظفرآباد (صباح نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس مقصد کے لئے کشمیر لبریشن سیل کو مزید فعال اور مستحکم بنایا جائے گا۔ شہداء اور وادی کے عوام کی قربانیوں کو دنیا کے سامنے لانے کے لئے ٹھوس حکمت عملی کے تحت کام کیا جائے۔ آزادکشمیر اور تحریک آزادی کشمیر کو ڈاکومینٹڈ کرنا ہے بین الاقوامی تناظر میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے پاکستان اور بین الاقوامی میڈیا تک حقائق کی رسائی یقینی بنائی جائے۔ نسل نو کو تحریک آزادی کشمیر سے باخبر رکھا جائے۔ سرکاری تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں بھی مسئلہ کشمیر سے متعلق تقریری مقابلے کرائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر لبریشن سیل کے بورڈ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ بورڈ اجلاس میںچیف سیکرٹری، سیکرٹری مالیات، سپیشل سیکرٹری وزیراعظم سیکرٹریٹ اور ڈائریکر کشمیر لبریشن سیل نیشرکت کی جبکہ سیکرٹری لبریشن سیل ادریس عباسی نے محکمہ کی کارکردگی اور مسائل سے متعلق بریفنگ دی۔ اجلاس میں کشمیر لبریشن سیل کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کا علاقہ آزادکرانے کے لیئے بڑی قربانیاں دی گئی ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات رواں سال کے آخر تک بہر صورت ہوں گے۔ لیگی کارکنان بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کر دیں۔ وفاق سے اہم اور حل طلب امور پر مثبت پیش رفت ہو رہی ہے۔ عبوری آئین ایکٹ 1974میں ترامیم کے حوالے سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ لیگی کارکنان کے مسائل پر نظر ہے سکیل 1تا 6تک کی خالی آسامیوں پر مقامی افراد کا حق ہے۔اس کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ کارکنان کے تحفظات کا ازالہ کرنا میری ذمہ داری ہے۔ کارکنوں کی مشاورت سے جلد دھیر کوٹ کا دورہ کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر قانون دان اور لیگی رہنما راجہ سجاد ایڈووکیٹ کی قیادت میں ملنے والے دھیر کوٹ کے 50رکنی وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔ نیلم جہلم پراجیکٹس کا ایک یونٹ جلد پیداوار شروع کر دے گا جس سے بجلی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ کارکنان منفی باتوں پر دھیان نہ دیں ہم نے آگے بڑھنا ہے ۔وزیراعظم پاکستان جلد آزادکشمیر کا دورہ کریں گے۔ لیگی کارکنان کے مسائل کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔ کارکنوں کو کسی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔ دریں اثناء کوہالہ پراجیکٹ کے متاثرین کے وفد سے گفتگو میں راجہ فاروق نے کہا کوہالہ پراجیکٹ کے متاثرین کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ متاثرین کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے کوہالہ پراجیکٹ قومی منصوبہ ہے اس کی تکمیل سے ملک سے توانائی کے بحران کے خاتمے میں مدد ملے گی اور آزادکشمیر کی آمدن میں اضافہ ہو گا وفد کی قیادت پروفیسر راجہ شوکت علی خان کر رہے تھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ کوہالہ ہائیڈل پراجیکٹ کے متاثرین کے جائز حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے گا اور ان کے جائز معاملات یکسو کیئے جائیں گے حکومت آزادکشمیر متاثرین کوہالہ پراجیکٹ کے جائز معاملات کا تحفظ یقینی بنائے گی۔ وزیراعظم آزادکشمیر یوم شہدائے تھوراڑ کے سلسلہ میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ ممبر کشمیر کونسل عبدالخالق وصی، سابق ممبر ضلع کونسل سردار الطاف حسین اور دیگر لیگی رہنمائوں نے وزیراعظم آزادکشمیر سے ملاقات کے دوران انہیں یوم شہدائے تھوراڑ کے جلسہ میں شرکت کی دعوت دی۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا ہے کہ اکتوبر میں راولاکوٹ کا دورہ کر کے وہاں جائزہ اجلاس منعقدکیا جائے گا جس میں وزرائ، سربراہان محکمہ جات اور لیگی کارکنان بھی شریک ہوں گے تاکہ راولاکوٹ کے حقیقی مسائل حل ہو سکیں۔ آزادکشمیر کے اندر رواں سال میں ہی ہر قیمت پر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔ کارکنان بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے تیاریاں شروع کر دیں راولاکوٹ کا نمائندہ میں خود ہوں اور عوامی مسائل کے حل کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوںنے راولاکوٹ حلقہ تین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا وفد کی قیادت لیگی رہنما فرہاد علی خان اور کاشف سلیم کر رہے تھے۔