امن سے محبت کرنیوالی قوم ہیں‘ دنیا نے دیکھ لیا پاکستانی مشکل میں ثابت قدم رہتے ہیں : آرمی چیف
پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں امن کی جیت ہوئی ہے۔ آرمی چیف نے پی سی بی اور پشاور زلمی کا شکریہ ادا کیا ہے۔ آرمی چیف نے میڈیا میچ میں شریک ٹیموں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ تاریخی ایونٹ کرانے پر فاٹا انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ہم ثابت قدم رہ کر مشکلات پر قابو پانے والی قوم ہیں۔ آج دنیا نے دیکھ لیا پاکستانی مشکل وقت میں ثابت قدم رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں امن جیت گیا، یہ حقیقی پاکستان ہے، دنیا نے دیکھ لیا پرعزم قومیں کیسے مشکلات سے نکلتی ہیں۔ آرمی چیف نے کامیاب میچ کے انعقاد پر میڈیا، کرکٹ بورڈ اور شمالی وزیرستان کے بہادر عوام کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا ہم امن سے محبت کرنے والی قوم ہیں۔ شمالی وزیر ستان میں کرکٹ میچ کے انعقاد پر ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ میچ دہشت گردی کیخلاف پاکستانی قوم کے بے مثال عزم کا ثمر ہے۔ پاکستان کو امن کی منزل کے حصول کے لئے ستر ہزار جانوں کی قربانی اور ایک سو چالیس ارب روپے کا معاشی نقصان بھی اٹھانا پڑا۔ ماہرین متفق ہیں کہ دنیا میں سکیورٹی کے خطرات بڑھ رہے ہیں جبکہ پاکستان میں دہشتگردی میں نوے فیصد کمی آئی ہے۔ صباح نیوز کے مطابق پاکستان الیون اور یوکے میڈیا الیون کے درمیان میرانشاہ مںی کرکٹ میچ کے دوران نجی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا فاٹا میں معمولات زندگی بحال ہو گئے ہیں۔ دہشت گردی کے خطرہ کو دوبارہ پیدا نہیں ہونے دینگے۔ آئی ڈی پیز کی واپسی تقریباً مکمل ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا میچ منعقد کرنا کوئی مہنگا نہیں پڑا۔ ہم سب نے عوام اور سکیورٹی فورسز نے مل کر امن کی فضا بحال کی ہے۔ اس کا نتیجہ یہی ہے کہ معمولات زندگی بحال ہوں۔ آج اتنا اچھا کرکٹ میچ ہو رہا ہے۔ شمالی وزیرستان کے لوگ خوش ہیں۔ شاید انہوں نے پہلی مرتبہ زندگی میں براہ راست کرکٹ میچ دیکھا ہے۔ شاہد آفریدی کو سامنے کھیلتے دیکھا، یہ بڑا خوشی کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوبارہ حالات خراب نہیں ہو سکتے۔ جتنی قربانیاں دے کر اور جس طریقہ سے امن بحال ہوا ہے۔ دہشت گردی کا خطرہ دوبارہ پیدا ہونا ناممکن ہے کیونکہ عوام اور سکیورٹی اداروں نے اس خطرہ کو سمجھ بھی لیا ہے اور اس کے خلاف کارروائی بھی کی۔ اب ترقی کا عمل جب چلے گا ضروریات زندگی اور گورننس بحال ہو گی۔ جب ریاست اپنے عوام کے لئے سارے کام کر دیتی ہے تو پھر اس قسم کے خطرے دوبارہ پیدا نہیں ہو سکتے اور نہ ہی ہونگے۔ انہوں نے کہا امن کپ کے ذریعے ثابت کریںگے پاکستان پرامن ملک ہے۔دہشت گردی کو دوبارہ پنپنے نہیں دیں گے۔ نقل مکانی کرنے والوں کی بحالی کا عمل تقریباً مکمل ہوگیاہے۔ فاٹا میں شہریوں کو تمام سہولیات میسر ہیں۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق آرمی چیف سے جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں خطے کی سکیورٹی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ¿ خیال کیا گیا۔ جرمن سفیر نے کہا دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں قابل ستائش ہیں۔ جرمنی دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کا شکرگزار ہے۔ جرمن سفیر نے یقین دہانی کرائی دوطرفہ تعلقات بہتر بنانے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔ آئی این پی کے مطابق جرمن سفیر نے کہا جرمنی دہشتگردی کے خلاف جنگ پر پاکستان کا شکرگزار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔
کرکٹ میچ/ آرمی چیف
لاہور+ میرانشاہ (سپورٹس رپورٹر+ این این آئی+ آئی این پی) امن کپ خیرسگالی میچ میں پاکستان الیون نے یوکے الیون کو 133 رنز سے بآسانی شکست دےدی، امن کپ خیرسگالی میچ میں پاکستان الیون نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یوکے الیون کو جیت کےلئے 254 رنز کا ہدف دیا، شاہد آفریدی 80رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے، انضمام الحق نے 28رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، یوکے میڈیا الیون مقررہ 20اوورز میں 120رنز بنا سکی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی خصوصی ہدایت پر پاک فوج نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی چمپئن ٹیم پشاور زلمی کے تعاون کے ساتھ فاٹا میں کھیلوں کے ذریعے امن کا پیغام پہنچانے کےلئے میران شاہ میں ’پیس کپ 2017‘ کے نام سے ایک نمائشی میچ منعقد کیا۔ پیس کپ میچ میں یوکے الیون نے ٹاس جیت کر پاکستان الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ اوپنر کامران اکمل اور یاسر حمید نے 51 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ یاسر حمید 19 رن بناکر آﺅٹ ہوئے، کامران اکمل اور عمر امین نے بھی جارحانہ بیٹنگ کی تاہم دونوں بیٹسمین کے ریٹائرڈ آﺅٹ ہونے کے بعد سابق کپتان انضمام الحق اور شاہد آفریدی بیٹنگ کے لئے میدان میں اترے۔ شاہد آفریدی نے روایتی جارحانہ انداز اپنا کر میران شاہ میں شائقین کو خوب محظوظ کیا اور ایک ہی اوور میں 4 چھکے بھی لگائے۔ انضمام الحق نے بھی کچھ ہاتھ دکھائے۔ آفریدی 80 اور انضمام 28 رن بناکر ناٹ آﺅٹ رہے، یوں پاکستان نے مقررہ 20اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 253 رنز بنائے۔ یوکے میڈیا الیون کی ٹیم اس پہاڑ جیسے ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام ہوگئی اور مقررہ بیس اوورز میں 120 رنز بنا سکی۔ یوکے میڈیا الیون کے نثار آفریدی 70 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ شاہد خان آفریدی کو شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ میچ سے قبل پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا، تمام کھلاڑیوں کو روایتی پگڑیاں پہنائی گئیں۔ شہریوں کی بڑی تعداد میچ دیکھنے کے لئے یونس خان کرکٹ سٹیڈیم میں موجود تھی۔ آئی این پی کے مطابق یوکے الیون کے کپتان نے کہا ہے ہم جہاں بھی گئے ہمارا کھلے دل سے استقبال کیا گیا، دنیا کے لیے پیغام ہے کہ مزید بین الاقوامی ٹیموں کو کرکٹ کھیلنے پاکستان آنا چاہیے۔ نہ صرف کرکٹ ٹیم بلکہ پاکستانی قوم بھی کھلے دل کی مالک اور مہمان نواز ہے، پاکستان کا کھانا دنیا کا بہترین کھانا ہے۔ یوکے الیون کے کپتان نے پاکستان کو دنیا کی شاندار ترین ٹیم قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا پاکستان کرکٹ ٹیم نے آفریدی، انضمام، مشتاق اور عبدالقادر پیدا کیے، اس ٹیم کے ساتھ کھیلنا ان کے لیے اعزاز ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے ورلڈ الیون پاکستان آئی، پوری دنیا کےلئے پیغام ہے پاکستان پرامن ملک ہے۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے میرانشاہ میں کھیلے جانے والے کرکٹ میچ کا خیرمقدم کیا ہے۔ سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ میران شاہ میں کھیلے جانے والے ٹی ٹونٹی میچ سے بہت خوش ہوں، بہت زیاد ہ خون خرابے کے بعد شمالی وزیرستان کے لوگوں کو تفریح مہیا کی جا رہی ہے۔
امن کپ