سپاٹ فکسنگ : شرجیل خان نے پابندی کو گورننگ بورڈ میں چیلنج کر دیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) سپاٹ فکسنگ کیس میں ملوث شرجیل خان کے وکیل نے پی سی بی ٹربیونل کی جانب سے پابندی کی سزا کو پی سی بی گورننگ بورڈ کے سامنے چیلنج کر دیا،ان کا کہنا ہے کہ شرجیل خان کے خلاف فیصلہ حقائق کی بجائے مفروضوں کی بنیاد پردیا گیا تھا۔ پی سی بی اینٹی کرپشن ٹربیونل نے پی ایس ا یل سپاٹ فکسنگ کیس میں کرکٹر شرجیل خان کو پانچ سالہ پابندی کی سزا سنائی تھی جس میں اڑھائی سال کی سزا معطل تھی مگر شرجیل خان کے وکیل شیغان اعجاز نے اسے غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے چیلنج کر دیا ہے۔ وہ گزشتہ روز قذافی سٹیڈیم آئے اور انہوں نے اپیل دائر کر دی۔ شیغان اعجاز نے بتایا کہ ٹربیونل نے مفروضوں کی بنیاد پر فیصلہ دیا اور ان کے پاس کوئی ٹھوس ثبوت نہیں تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹربیونل کے سامنے کوئی ایسے حقائق نہیں لائے گئے جن سے ثابت ہو تا ہو کہ شرجیل نے سپاٹ فکسنگ کی اور کوئی مفادات حاصل کئے۔ جو تین ایکسپرٹ کرکٹر ٹربیونل میں پیش کئے سب نے کہا تھا کہ شرجیل نے دونوں گیندمیرٹ پر کھیلے تھے۔ٹربیونل کی جانب سے لائے گئے ایکسپرٹ گواہ عاقب جاوید نے بھی کہا تھا کہ ان گیندوں میں کھیلنے میں کوئی خرابی نہیں تھی تاہم اگر پی سی بی کی کہانی کو سچ مان لےا جائے تو پھر ان گیند وں کو کھیلنا مشکوک ہو سکتا ہے ۔ مگر سوال یہ ہے کہ پی سی بی کی سپاٹ فکسنگ کی کہانی سچ ثابت کرنے کے لئے کوئی ثبوت نہیں تھے۔ کوڈ کے مطابق گورننگ بورڈ کو اپیل کی ہے جو چودہ روز کے اندریک رکنی آزاد ایڈجیوڈیکیٹر مقرر کرے گا۔ کوڈ کے مطابق ایک رکنی ایڈجوڈیکٹر ہی بن سکتا ہے مگر انہیں پی سی بی نے ابھی تک یہ نہیں بتایا کہ ان کے پینل پر ایڈجوڈیکٹر بننے کے لئے کون کون ہے۔ شرجیل خان کے فیصلہ کے خلاف اپیل دائر کرنے کے لئے ایک دن مزید باقی ہے ،اس دوران پی سی بی بھی ٹربیونل کی جانب سے دی گئی سزا کے خلاف اپیل دائر کر سکتا ہے۔ تاہم اس بارے ایک دن بعد ہی حقائق سامنے آئیں گے۔