بے نظیر کیس میں مشرف مظلوم، بیان میں سچائی ہے، عائشہ گلالئی: اے پی ایم ایل سے رابطے
اسلام آباد (آئی این پی + صباح نیوز) تحریک انصاف کی منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کے آل پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کیلئے رابطے، عائشہ گلالئی کو سابق صدر پرویز مشرف کی حمایت میں بیانات دینے کا ٹاسک بھی سونپ دیا گیا، عائشہ گلالئی عنقریب مشرف کی مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کریں گی۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کھل کرسابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی حمایت میں سامنے آ گئی ہیں۔ دریں اثنا انہوں نے کہا پرویز مشرف نے جو بیان دیا ہے اس میں سچائی ہے، بے نظیر بھٹو کے قتل کا فائدہ کس کو ہوا؟ بے نظیر قتل کیس دوبارہ چلایا جائے، پرویز مشرف کا بیان ریکارڈ کیا جائے، میں بے نظیر کو ماں کہہ کر پکارتی تھی، بے نظیر نے مجھے بیٹی کہا تھا، بلاول، بختاور، آصفہ میرے چھوٹے بہن بھائیوں کی طرح ہیں۔ بے نظیرکی شہادت کے بعد پیپلزپارٹی کو چھوڑ دیا تھا۔ گزشتہ روز ایک بیان میں عائشہ گلالئی نے کہا پرویز مشرف بے نظیر قتل کیس میں مظلوم ہیں، ان کو پھنسایا جارہا ہے، بے نظیر کی شہادت سے جو صدمہ ان کے بچوں کو پہنچا وہی مجھے پہنچا، جس کے ساتھ استحصال ہوگا میں اس کا ساتھ دوں گی۔ نیازی صاحب اپنے ویژن سے ہٹ چکے ہیں، وہ عدالتوں اور الیکشن کمشن سے مفرور ہیں۔