• news

فنڈز کی عدم دستیابی قومی کھیل ایک بار پھر 20 نومبر تک ملتوی

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) فنڈز کی عدم دستیابی اور کھیلوں کے وینوز مکمل نہ ہونے پر صوبائی وزارت کھیل بلوچستان نے 33ویں قومی کھیلوں کو ایک بار پھر 20 نومبر تک موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے فیصلہ گزشتہ روز ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا جس میں 33ویں قومی کھیلوں کے لئے قائم کی گئی سٹیرنگ کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق رائے پایا گیا کہ بجٹ نہ ملنے کی وجہ سے وینیوز کی تیاری مکمل نہیں کی جا سکی جس کی وجہ سے 7 سے 14 اکتوبر کو قومی کھیلوں کا انعقاد ممکن نہیں رہا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ اب گیمز 20 نومبر کو کرائی جائیں گی۔

سٹیرنگ کمیٹی کے حکام کو امید ہے کہ اس دوران وزارت خزانہ کی جانب سے ان گیمز کے لئے انہیں بجٹ مل جائے گا اور وہ گیمز سے قبل وینیوز کی تیاری بھی مکمل کر لیں گے۔ اس حوالے سے وزارت کھیل حکومت بلوچستان کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ ان گیمز کے لئے سات وینیوز کینٹ ایریا اور سات وینیوز کینٹ ایریا سے باہر ایونٹس کے لئے سلیکٹ کئے گئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن