جامشورو : تانیہ خاصخیلی قتل کیس کے مرکزی ملزموں کو پناہ دینے کے الزام میں 4 افراد گرفتار
جامشورو(صباح نیوز)ضلع جامشورو پولیس نے مٹیاری میں کارروائی کرتے ہوئے تانیہ کیس کے مرکزی ملزمان کیلئے سہولت کاری کے الزام میں سیہون کے رہائشی 4 افراد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد میں نظیر سولنگی، ندیم شیخ، باقر شیخ اور نادر نوحانی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار چاروں افراد پر تانیہ کیس کے مرکزی ملزمان کو پناہ دینے اور واقعے میں سہولت کاری کا الزام ہے۔ جامشورو پولیس نے گرفتار چاروں افراد کو تفتیش کیلئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ادھرتانیہ خاصخیلی قتل کیس کے معاملے میں سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر بنائی گئی جے آئی ٹی ٹیم کے سربراہ اے آئی جی سندھ آفتاب احمد پٹھان نے تانیہ خاصخیلی کے ورثا اور گواہوں کو آج کراچی طلب کر لیا ہے۔ تانیہ کے والدین اور تمام گواہوں کو آج اے آئی جی سندھ کے دفتر میں پیش ہونے کیلئے لیٹر جاری کر دیا گیا، جبکہ اے آئی جی آفتاب پٹھان نے جھانگارا اور سیہون پولیس کو ہدایت کی ہے کہ تانیہ کے ورثا اور گواہوں کو کراچی آنے کیلئے مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے۔
تانیہ کیس