نوازشریف جلد وطن آئیں گے‘ پارٹی اختلافات کی باتیں مخالفین نے پھیلائیں: شہباز شریف
لاہور + مانچسٹر+ لندن (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹائون پر کمشن کی رپورٹ کا معاملہ عدالت میں ہے۔ سانحہ ماڈل ٹائون پر کمشن بنانے کی درخواست میں نے ہی دی تھی۔ کمشن رپورٹ حکومت کی صوابدید ہوتی ہے‘ معاملہ عدالت میں ہے اس پر بات نہیں کر سکتا‘ پارٹی میں کسی قسم کا اختلاف نہیں‘ پارٹی میں اختلاف کی بات لوگوں کی ذہنی اختراع ہے‘ مخالف کی سوچ ہو سکتی ہے اس بات میں کوئی وزن نہیں‘ لندن میں مشاورتی اجلاس کا علم نہیں تھا۔ کلثوم نواز کی عیادت کیلئے آیا ہوں شرکت کا سوال تو تب پیدا ہو جب اجلاس منعقد ہو۔ چند روز میں رہوں گا۔ چودھری نثار کی اجلاس میں شرکت سے متعلق کچھ نہیں کہہ سکتا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ نوازشریف جلد وطن جائیں گے انکا ملک ہے۔ مسلم لیگ (ن) محض تقسیم کی باتیں بے بنیاد ہیں یہ مخالفین کی پھیلائی ہوئی باتیں ہیں۔ نوازشریف سے تمام امور پر بات ہو گی انشاء اللہ پارٹی نواز شریف کی قیادت میں اگلا الیکشن جیتے گی۔ قبل ازیں شہبازشریف سے چین کے قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک چین دوستی کے فروغ،کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ اور مسلم لیگ (ن) کے مابین پارٹی سطح پر تعلقات بڑھانے اور سی پیک کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چین کے قونصل جنرل نے اپنی اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی طرف سے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کو انکی سالگرہ پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دی اور وزیراعلیٰ کو گلدستہ پیش کیا۔ چینی قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی جانب سے ایک خصوصی خط بھی پیش کیا جس میںسالگرہ پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیاگیااورپاک چین تعلقات کو فروغ دینے اورسی پیک کے منصوبوں پر انتہائی رفتار اورمعیار کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی صلاحیتوں اور کارکردگی کو سراہا گیا ہے ۔ یہ خط کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ سنٹرل کمیٹی انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے نائب وزیر زینگ شی سانگ نے وزیراعلیٰ کو بھجوایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اورآپ چین کے انتہائی مخلص دوست ہیں اور ہم آپ کے اخلاص اورمحبت کے قائل ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ ہم ہمیشہ اچھے دوستوں اور بھائیوں کی طرح دوستی کے اس رشتے کو ہمیشہ قائم رکھیں گے۔ پاکستان کے تجربہ کار سیاسی لیڈر ہونے کے ناطے آپ نے صوبہ پنجاب میں اپنی مضبوط لیڈر شپ کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا ہے اورآپ کی کارکردگی انتہائی شاندار ہے۔آ پ کی انتھک محنت اورمخلصانہ کوششوں کے باعث مختلف شعبوں میںآپ کو غیر معمولی کامیابیاں ملی ہیں اور صوبے کے عوام کو حقیقی معنوں میں اہم ترین کامیابیوں کے ٹھوس فوائد حاصل ہوئے ہیں۔ چینی قونصل جنرل نے سی پیک کے منصوبوں پرتیزرفتاری سے عملدر آمد پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین تعلقات کو مضبوط بنانے اور سی پیک منصوبوں پر عملدرآمد کیلئے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی کارکردگی قابل تعریف ہے اورچین کی حکومت اور عوام سی پیک کے حوالے سے شہباز شریف کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ بہاولپور ڈویژن کے ارکان قومی اسمبلی سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے اربوں روپے کے فنڈ مہیا کئے ہیں اور ترقی کے سفر میں جنوبی پنجاب کے ہر ضلع کو ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اربوں روپے کے وسائل جنوبی پنجاب کے عوام کے قدموں تلے نچھاور کر کے انہیں ان کا حق لوٹایا ہے۔ ملاقات میں ترقیاتی منصوبوں اور جنوبی پنجاب خصوصا بہاولپور ڈویژن کے فلاح عامہ کے پروگراموں پر عملد رآمد اور پیشرفت کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعلیٰ نے تحریک پاکستان کے کارکن سید منیر حسین گیلانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔