ٹماٹرکی قلت برقرار، قیمت 200 روپے ہو گئی
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور سمیت دیگر شہروں میں ٹماٹر کی قلت کے باعث اسکے سرکاری نرخوں میں اور بلیک قیمت میں اضافے کا رجحان جاری ہے ، گزشتہ روز پر چون سطح پر ایک کلو ٹماٹر کی سرکاری قیمت 12روپے اضافے سے 106روپے سے بڑھ کر 118روپے ہو گئی جبکہ بلیک قیمت جو جمعہ کے روز 160تھی بڑھ کر 200تک پہنچ گئی۔ محکمہ مارکیٹنگ کے حکام کے مطابق موسمی صورتحال کے باعث ستمبر کے آخری دنوں میں معمول کے برعکس پیداوار کم ہو جاتی ہے۔ حکومت کی جانب سے بھارت سے ٹماٹر کی درآمد پر پابندی کے باعث ٹماٹر کی مارکیٹ میں فراہمی طلب کے مقابلے میں کم ہو رہی ہے۔ اس وقت صرف افغانستان سے ٹماٹر کی درآمد کی جارہی ہے تاہم یہ مقدار طلب سے بہت کم ہے۔ صورتحال اکتوبر کے وسط تک قائم رہے گی جس کے بعد ملک کے مختلف حصوں سے ٹماٹر آنا شروع ہو جائیں گے۔ گزشتہ روز پرچون سطح پر پیاز کی سرکاری قیمت 52 روپے فی کلو رہی لیکن دکانداروں نے ایک کلو پیاز 52روپے کی بجائے 70سے 75روپے فی کلو بلیک میں فروخت کیا۔