پرویز مشرف کا بھرپور سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ‘ وطن واپسی کا عندیہ دیدیا
کراچی (رپورٹ /عمیرعلی انجم ) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدرمملکت جنرل (ر) پرویزمشرف نے بھرپور سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے وطن واپسی کا عندیہ دے دیا ہے ۔ ضلع وسطی میں منعقد ہونے والے اے پی ایم ایل کے جلسہ میں وہ ممکنہ طور پر واپسی کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔ پرویزمشرف نے ملک میں موجود پارٹی قیادت کو ہدایت جاری کی ہیں۔ اے پی ایم ایل کی تنظیم سازی کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔ انتہائی باخبر ذرائع کے مطابق بینظیربھٹو قتل کیس کے فیصلے کے بعد سابق صدر جنرل (ر) پرویزمشرف نے سیاسی حریفوں کو ’’ٹف ٹائم‘‘ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ آصف علی زرداری کے خلاف حالیہ ویڈیو بیان بھی ان کی سیاسی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ پیپلزپارٹی کے اس بیان پر بھرپور ردعمل نے پرویزمشرف کو سیاسی طور پر ایک مرتبہ پھر زندہ کردیا ہے اور انہوںنے اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پرویزمشرف نے قریبی ساتھیوں سے مشاورت کے بعد وطن واپسی کا عندیہ دے دیا ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے سابق گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد سے بھی مشاورت کی ہے جبکہ حتمی فیصلے سے قبل وہ مسلم لیگ (فنکشنل)کے سربراہ پیر پگاڑا سے بھی اس سلسلے میں بات کریں گے۔