• news

نوازشریف‘ زرداری میں رابطے ہیں انتخابی اصلاحات بل چیلنج کرینگے: شاہ محمود

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے انتخابی اصلاحات بل 2017ء عدالت میں چیلنج کیا جائیگا۔ پی ٹی آئی انتخابی اصلاحات بل کا جائزہ لے رہی ہے۔ مشاورت کے بعد بل کو چیلنج کرنے کا حتمی فیصلہ کیا جائیگا۔ نوازشریف اور آصف زرداری کے درمیان رابطے ہیں۔ پی پی کے تین سینیٹرز نے بل پر حکومت کی حمایت کی۔ پاکستان کے عوام مسلم لیگ (ن) اور پی پی سے مایوس ہوگئے ہیں‘ دونوں جماعتوں نے منشور کی بجائے کرسی کی سیاست کی۔ سندھ میں تحریک انصاف کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے‘ قوم کی نظریں عمران خان اور تحریک انصاف پر ہیں۔ شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں انکے وزیراعظم نوازشریف ہیں۔ شاہد خاقان عباسی خود کو وزیراعظم ماننے کو تیار نہیں۔ کیا شاہد خاقان عباسی واقعی پاکستان کے وزیراعظم ہیں؟ عمران خان کی دیانت اور محنت نے قوم کو جگا دیا اور اندھیرے میں اُمید کا چراغ جلایا‘ آج پی ٹی آئی کا چراغ پورے پاکستان کو روشن کر رہا ہے۔ این اے 120 میں پی پی کی ضمانت ضبط ہو گئی۔ پی پی کو تو ضیاء الحق ختم نہیں کر سکا تھا آج پی پی کے لوگ تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں۔ ایم این اے یا وزیر بننے کیلئے نہیں۔ نیا پاکستان بنانے کیلئے عمران خان کا ساتھی بنا ملک میں لاقانونیت اور مہنگائی بڑھ رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن